کراچی (نیوز ڈیسک) ایتھوپین ایئرلائنز کی ایک فلائٹ کے پائلٹ اور معاون پائلٹ دوران پرواز سو گئے اور فلائٹ کو معمول کے مطابق لینڈنگ نہ کر سکے۔ برطانوی اخبار نے جمعے کو اس حوالے سے بتایا کہ یہ واقعہ اس وقت پیش آیا جب پائلٹ اور معاون پائلٹ سوڈان سے ایتھوپیا جانے والی فلائٹ ای ٹی343 اڑا رہے تھے۔ لینڈنگ سے قبل 37 ہزار فٹ کی بلندی پر موجود بوئنگ 737 نے رن وے تک آنے کے لیے نیچے آنا تھا، لیکن جب ہوائی جہاز نے اپنی اونچائی برقرار رکھی تو ایئر ٹریفک کنٹرول نے الارم بجا دیا۔ آپٹریٹرز نے پائلٹ اور معاون پائلٹ سے رابطہ کرنے کی کوشش لیکن ناکام رہے۔ اپنی مطلوبہ منزل کو پیچھے چھوڑ دینے کے بعد بوئنگ کا آٹو پائلٹ نظام متحرک ہوگیا اور اس نے الارم بجا دیا، جس سے دونوں پائلٹس جاگ گئے۔ اس کے 25 منٹ بعد ہوائی جہاز باحفاظت لینڈ کر گیا اور اگلی فلائٹ کے روانہ ہونے تک تقریباً ڈھائی گھنٹے کھڑا رہا۔ اس حوالے سے ایوی ایشن کے ماہر الیکس ماچرس نے ایک ٹوئٹ میں کہا کہ ’پائلٹ کا تھکاوٹ کا شکار ہونا کوئی نئی بات نہیں ہے، اور بین الاقوامی سطح پر ہوائی حفاظت کے لیے مسلسل ایک خطرہ بنی ہوئی ہے۔‘ ایک اور ٹوئٹر صارف نے کہا کہ ’امید ہے کہ دونوں پائلٹوں کو نوکریوں سے نکال دیا جائے گا اور ایوی ایشن حکام اس ایرلائن کے عملے کے ڈیوٹی کے وقت کے حوالے سے تحقیقات کا آغاز کریں گے۔ خدا کا شکر ہے کہ کوئی حادثہ نہیں ہوا۔‘ رواں سال مئی میں بھی ایک ایسا واقعہ ہوا تھا جب اٹلی کی آئی ٹی اے ایئرویز کا پائلٹ نیو یارک سے روم جانے والی فلائٹ میں مینہ طور پر سو گیا تھا۔ اسے نوکری سے نکال دیا گیا تھا۔
’پائلٹس سوتے رہ گئے‘، ایتھوپین ایئر لائنز کی فلائٹ مطلوبہ وقت پر لینڈ نہ کرسکی








