بانی: عبداللہ بٹ      ایڈیٹرانچیف : عاقل جمال بٹ

بانی: عبداللہ بٹ

ایڈیٹرانچیف : عاقل جمال بٹ

عمران خان نے ضمانت کیلئے درخواست دائر کردی

اسلام آباد(نیوز ڈیسک)پاکستان تحریک انصاف (پی ٹی آئی) کے چیئرمین عمران خان نے دہشت گردی کے مقدمہ میں ضمانت قبل از گرفتاری کی درخواست دائر کردی۔عمران خان کی جانب سے اسلام آباد ہائی کورٹ میں درخواست دائر کی گئی۔پی ٹی آئی کے وکیل بابر اعوان اور فیصل چوہدری کے ذریعے ضمانت قبل از گرفتاری کی درخواست دائر کی گئی ہے۔

اسلام آباد ایف ایٹ کچہری جہاں آج شہباز گل پیش ہوں گے وہاں عمران خان کی حفاظتی ضمانت کے لیے آمد متوقع ہے۔پاکستان تحریک انصاف (پی ٹی آئی) کے وکیل فیصل چوہدری نے تصدیق کرتے ہوئے کہا ہے کہ عمران خان کی ضمانت قبل از گرفتاری دائر کی جائے گی۔وکیل فیصل چوہدری نے کہا کہ پی ٹی آئی لیگل ٹیم اسلام آباد ہائی کورٹ میں درخواست دائر کرے گی۔

دوسری جانب سابق وزیر اعظم عمران خان کی ممکنہ گرفتاری کے پیش نظر پی ٹی آئی رہنما فواد چوہدری، اسد عمر اور مراد سعید سمیت بڑی تعداد میں کارکن بنی گالہ پہنچ گئے ہیں۔سماجی رابطے کی ویب سائٹ ٹوئٹر پر ایک بیان میں فواد چوہدری نے کہا کہ ابھی بھی درجنوں کارکن بنی گالا پہنچ چکے ہیں، چند گھنٹوں میں ہزاروں لوگ بنی گالا میں ہوں گے۔واضح رہے کہ سابق وزیر اعظم عمران خان کے خلاف دہشت گردی دفعات کے تحت گزشتہ روز مقدمہ درج کیا گیا تھا۔سابق وزیر اعظم عمران خان کچھ عرصے سے اپنی گرفتاری کی بات کر رہے ہیں، وہ اپنے قتل کی سازش کے بارے میں بھی بات کر چکے ہیں۔