ملتان(ممتازرپورٹ) پاکستان تحریک انصاف کے وائس چیئرمین مخدوم شاہ محمود قریشی نے کہا ہے کہ سندھ کے عوام نے ایک بار پھر فیصلہ سنا دیا پنجاب کی عوام نے ضمنی انتخاب میں اپنا فیصلہ سنا دیا تھا، آج سندھ کی عوام نے مرکزی حکومت کو اپنا فیصلہ سنا دیا۔اسلام آباد والو تم جو مرضی کر لو قوم عمران خان کے ساتھ ہے،قوم امپورٹڈ حکمرانوں کو مستردکرتی ہے،کراچی کے ضمنی انتخاب میں پی ڈی ایم کی تمام جماعتیں ایک طرف اور عمران خان کا سپاہی ایک طرف، عمران خان کے نظریہ اور بیانیہ کو کامیابی ہوئی۔ پاکستان کی عوام نے اپنا فیصلہ سنا دیا،11ستمبر کو ملتان کے ضمنی انتخاب میں 11جماعتوں کے اتحاد کو ایک بار پھر شکست کا سامنا کرنا پڑے گا، امپورٹڈ حکمران عمران خان کے باہمی رابطہ مہم سے خائف ہوچکے ہیں۔ حکومت کو لرزہ طاری ہو چکا ہے، امپورٹڈ حکمران تحریک انصاف کی مقبولیت دیکھ کر ڈگمگا اور لڑکھڑا چکے ہیں، سہاروں کے بل بوتے پر کھڑی ہوئی حکومت عمران خان کو گرفتار کرنا چاہتی ہے، میں شہباز شریف کو بتا دینا چاہتا ہوں اگر حکومت نے کوئی ایسی حرکت کی تو پاکستان کے سیاسی استحکام کو نقصان پہنچ سکتاہے۔،اس حرکت سے پاکستان کی معاشرت اور معیشت کو ناقابل تلافی نقصان پہنچے گا۔
ان خیالات کا اظہار انہوں نے گزشتہ روز این اے 157 کی یونین کونسل 56 میں پاکستان پیپلز پارٹی کے امیدوار پی پی 217 عدنان قریشی کی تحریک انصاف میں شمولیت اور یونین کونسل کائیاں پور سے موسیٰ گیلانی کے قریبی ساتھی ملک بلال تلوٹ کی اپنے ساتھیوں سمیت تحریک انصاف میں شمولیت کے موقع پر تقاریب سے خطاب کرتے ہوئے کیا۔
انہوں نے کہا عمران خان ایک نڈر آدمی ہیں وہ کہتے ہیں میں اللہ کے سوا کسی سے نہیں ڈرتا اور نہ کسی کے سامنے سر جھکاؤں گا۔ عمران خان اس قوم کو حقیقی آزادی دلانے نکلے ہیں۔ انہوں نے شہباز شریف کو مخاطب کرتے ہوئے کہا یہ جمہوریت کا وہ چہرہ جو عوام نہیں دیکھنا چاہتی ہے۔ ملک آج قرضوں میں جکڑا ہوا ہے۔ قوم آج سراپا احتجاج ہے۔ قوم کو ابھی صرف جولائی کے بجلی کے بل موصول ہوئے ہیں۔ اس پر قوم ک حشر ہو گیاہے۔ آج قرضوں میں جکڑے اور مہنگائی میں ڈوبے پاکستان کااگر کوئی محافظ ہے تو وہ عمران خان ہے۔ یہ ناکام حکومت ہے ان کے پاس پاکستان کو معاشی بحران سے نکالنے کا کوئی پلان نہیں ہے۔
انہوں نے کہاکہ انسانی حقوق کے جو علمبردار ہیں آج پاکستان میں انسانی حقوق کی بھر پور خلاف ورزی ہو رہی ہے۔ فسطائیت کا دور دورہ ہے۔ انسانی حقوق کی تنظیمیں خاموش کیوں ہیں۔ اے آر وائے نیوز کو ہائی کورٹ کے احکامات کے باوجود بند کیا گیا۔ جتنے بھی میڈیا کے ادارے اور فورمز ہیں میں یہ کہنا چاہتا ہوں جو آج اے آر وائے کے ساتھ ہوا کل کسی اور کے ساتھ بھی ہو سکتاہے۔ انہوں نے کہا یہ ان کی غلط فہمی کے چیلنجز کا گلا گھونٹ کر آپ ہمارے موقف کو روک لیں گے۔ ہمارے کالم نویس اور اینکرز کو اپنا کردار ادا کرنا ہوگا۔
انہوں نے کہا پاکستان کی عدلیہ صحافت کی آزادی کیلئے اپنا کردار ادا کرتی رہی ہے ہم بھی عدلیہ میں جا رہے ہیں اور عوامی عدلیہ میں بھی جارہے ہیں۔ یہ ہماری عوامی رابطہ مہم سے گھبرا کر عمران خان کے خلاف منصوبہ بندی کررہے ہیں۔ میں پاکستان کی عوام‘ خواتین اور بیرون ملک پاکستانیوں سے گزارش کرونگا اگر ایسا ہوتا ہے تو احتجاج کا علم بلند کریں۔ انہوں نے کہا عمران خان اور عمران خان کا ایک ایک سپاہی اورکارکن میدان میں عمل میں اترنے کیلئے تیارہیں۔ انہوں نے کہا حقیقی آزادی ہماری منزل ہے۔ عمران خان کہتے ہیں کہ ہمارے بڑوں نے ہمیں آزادی دی اور اب قوم کو حقیقی آزادی کی طرف ہم نے لیکر جانا ہے۔ انہوں نے کہا عمران خان ایک محب وطن شخص ہیں انہوں نے کینسرہسپتال بنا کر‘ پناہ گاہیں بنا کر‘ لنکر خانے بنا کر عوام کی خدمت کی۔ یہ عمران خان کا بغض ہے جس نے ان کو یکجا کیا یہ تو ایک دوسرے کا پیٹ پھاڑنے والے تھے۔ انہوں نے کہا اگر میڈیا پر بندش ہوئی تو سوشل میڈیا کی ذمہ داریاں بڑھ جائیں گی۔ سوشل میڈیا عمران خان کے نظریہ اور بیانیہ کو عوام تک پہنچائے گا۔
مخدوم شاہ محمودقریشی نے عدنان قریشی اور ملک بلال تلوٹ اور کے ساتھیوں کو تحریک انصاف میں شمولیت پر خوش آمدید کہا۔ ان کی شمولیت سے پارٹی کو تقویت ملے گی بلکہ این اے 157 میں پی ٹی آئی کی امیدوار محترمہ مہر بانو قریشی کی پوزیشن مستحکم ہوگی۔ قبل ازیں مخدوم شاہ محمود قریشی نے این اے 157 کی مختلف یونین کونسلوں میں ڈور ٹو ڈور الیکشن کمپیئن کی اور پی ٹی آئی امیدوار کے لئے عوام سے ووٹ کی درخواست کی۔
عمران خان کو گرفتار کیاگیاتوپاکستان کی معاشرت اور معیشت کو ناقابل تلافی نقصان پہنچے گا،شاہ محمود








