اسلام آباد(ممتازرپورٹ)وفاقی حکومت نے سیلاب زدہ علاقوں کی بحالی کیلئے ڈونرزکانفرنس منعقد کرنے کا فیصلہ کیا ہے۔
پیر کووزیر اعظم محمد شہباز شریف نے ملک میں سیلاب سے متاثرہ افراد کی مدد اور بحالی سے متعلق امور پر پیش رفت کا جائزہ لینے کے لیے متعلقہ حکام کے اجلاس کی صدارت کی۔اجلاس میں وزیر منصوبہ بندی احسن اقبال، وزیراطلاعات و نشریات مریم اورنگزیب، وزیربرائےموسمیاتی تبدیلی شیری رحمان، وزیراعظم کے مشیر احد چیمہ، رکن صوبائی اسمبلی پنجاب اویس لغاری، چیئرمین این ڈی ایم اے لیفٹیننٹ جنرل اختر نواز اور متعلقہ اعلیٰ سرکاری حکام نے شرکت کی۔
وزیراعظم نے ہدایت کی کہ بین الاقوامی اداروں کو ملک میں سیلاب کی تباہ کاریوں پر بریفنگ دی جائےاور انہیں وفاقی و صوبائی حکومتوں کی جانب سے جاری ریلیف اور بحالی کی کاوشوں سے آگاہ کیا جائے۔
انہوں نے مخیر حضرات سے پرائم منسٹر فلڈریلیف فنڈ میں دل کھول کر عطیات جمع کرانے کی اپیل بھی کی ۔انہوں نے 40 ہزار خیمے اور 01 لاکھ راشن کے پیکٹس فی الفور متاثرہ علاقوں میں بھیجنے کی بھی ہدایت کی۔
انہوں نے کہاکہ سیلاب زدہ علاقوں کی بحالی اور آبادکاری کے لیے ہنگامی بنیادوں پر اقدامات کیے جائیں۔
وزیر اعظم نے تمام متعلقہ اداروں سے کہاکہ متاثرہ علاقوں میں ریلیف اور بحالی کے کاموں کو تیز کرنے کے لیے ایمرجنسی بنیادوں پر کام کیا جائے۔
حکومت کا سیلاب زدہ علاقوں کی بحالی کے لیے Donor Conference منعقد کرنے کا فیصلہ۔ بین الاقوامی اداروں کو ملک میں سیلاب کی تباہ کاریوں پر بریفنگ دی جاۓ، اور انہیں وفاقی و صوبائی حکومتوں کی جانب سے جاری ریلیف اور بحالی کی کاوشوں سے آگاہ کیا جاۓ۔ وزیر اعظم محمد شہباز شریف
— Prime Minister's Office (@PakPMO) August 22, 2022









