اسلام آباد(ممتاز نیو)وزیراعظم شہبازشریف نے کہا ہے کہ وہ امیر قطر کی دعوت پر آج قطر کےلیے روانہ ہو رہے ہیں ، ان کا دورہ دونوں برادر ممالک کی دوستی اور تعاون کو نئی جہت دے گا،قطر کے ساتھ اپنے دیرینہ تعلقات کو مضبوط سٹریٹیجک شراکت داری میں تبدیل کرنا چاہتے ہیں، مشترکہ چیلنجز سے نمٹنے کےلیے تعاون کے نئے راستے تلاش کرنا ہوں گے۔
وزیراعظم شہبازشریف نے اپنے ٹویٹ میں کہا کہ قطر کے دورے کے دوران کاروباری برادری کے ساتھ ملاقات کروں گا،جس میں توانائی،صنعت،سیاحت کے شعبے میں سرمایہ کاری کے مواقعوں کو اجاگر کیا جائے گا۔
اپنے بھائی عزت مآب شیخ تمیم بن حمد آل ثانی کی دعوت پر آج قطر روانہ ہو رہا ہوں۔ اس دورے سے دونوں ممالک کے درمیان دوستی اور بھائی چارے کے تعلق کی تجدید ہوں گی۔ ہم اپنے تاریخی دوطرفہ روابط کو اور بھی زیادہ موثر سٹرٹیجک تعلقات میں تبدیل کرنا چاہتے ہیں۔
— Shehbaz Sharif (@CMShehbaz) August 23, 2022
وزیراعظم شہباز شریف نے کہا کہ ان کے دورہ قطر کے سیاق و سباق کو سمجھنا ضروری ہے،دنیا کورونا کی وجہ سے سست معاشی بحالی کا سامنا کر رہی ہے،جغرافیائی سیاسی کشیدگی نے سپلائی چین کو متاثر کیا ہے،بڑھتی ہوئی توانائی اور خوراک کی قیمتوں نے پریشانیوں میں مزید اضافہ کیا ہے۔
کاروباری برادری سے ملاقاتوں میں، میں انہیں پاکستان میں سرمایہ کاری کے پرکشش مواقع کے بارے میں آگاہ کروں گا جن میں قابل تجدید توانائی، فوڈ سکیورٹی، صنعت و انفراسٹرکچر کی ترقی، سیاحت اورمہمان نوازی کے شعبے شامل ہیں۔
— Shehbaz Sharif (@CMShehbaz) August 23, 2022









