راولپنڈی (ممتازنیوز)بیت المال ”بون میرو ٹرانسپلانٹ “ اورخون کی بیماریوں میں مبتلا مستحق افرا د کو علاج معالجہ اور ادویات کی فراہمی میں ہر ممکن تعاون کو یقینی بنائے گا
اس سلسلے میں ایم ڈی بیت المال عامر فدا پراچہ ،تھیلسیمیا ویلفیئر سوسائٹی کے صدر جنرل صہیب احمد اور سنیئر نائب صدر تھیلا سیمیا ویلفیئر سوسائٹی ڈاکٹر جمال ناصر کے مابین ایک ملاقات میں تھیلسیمیا اور بون میرو ٹرانسپلانٹ بارے تفصیلی تبادلہ خیال ہوا ۔
اس موقع پر ایک معاہدے پر دستخط کئے گئے ،جس کے تحت بیت المال ”بون میرو ٹرانسپلانٹ “کی مد میں تین چوتھائی یعنی کہ 15لاکھ روپے کی رقم فراہم کرے گا جبکہ بقیہ5لاکھ کی رقم تھیلسیمیاسنٹر مہیا کرے گا اورخون کی بیماریوں میں مبتلا مستحق افرا د کو ادویات فراہم کی جائیں گی ۔
اس موقع پر سیکرٹری تھیلسیمیا سنٹر کرنل کامران ،ڈائریکٹر بیت المال ڈاکٹر خالد جاوید چوہدری اور ڈپٹی ڈائریکٹر ڈاکٹر خالد بھی موجود تھے ۔
ایم ڈی بیت المال عامر فدا پراچہ نے یقین دلایا کہ ہمارا ادارہ ضرورت مند خواتین و حضرات کی امداد میں کوئی کسر اٹھا نہیں رکھے گا ۔
انہوں نے کہا کہ حقیقی مستحق افراد اور خدمت انسانیہ کے لئے نیک نیتی سے کام کرنے والے ادارے ہمارے ملک کا ایک آثاثہ ہے ۔اس کام میں جہاں اللہ کی خوشنودی حاصل ہوتی ہے وہاں انسان کو قلبی سکون بھی ملتا ہے ۔
ڈاکٹر جمال ناصر نے انہیں بتایا کہ تھیلا سیمیا سنٹر میں قائم کیا جانے والا ”بون میرو ٹرانسپلانٹ “پاکستان میں اپنی نوعیت کا واحد ادارہ ہے جو مستحق مریضوں کا علاج اپنی مدد آپ کے تحت کر رہا ہے ۔یہ سنٹر جنرل پرویز کی نگرانی میں اپنے خدمات پیش کر رہاہے ۔جو اس سے قبل AFIBمیں بھی بون میرو ٹرانسپلانٹ کے حوالے سے خدمات سرانجام دیتے رہے ہیں ۔
جنرل صہیب احمد نے ایم ڈی بیت المال عامر فدا پراچہ کا شکریہ ادا کیا کہ جنہوں نے تھیلا سیمیا سنٹر اور بون میرو ٹرانسپلانٹ کے سلسلے میں تعاون کا ہاتھ بڑھایا ۔
مستحق مریضوں کے علاج معالجہ کیلئے بیت المال اور تھیلسیمیا ویلفیئر سوسائٹی میں معاہدہ طے پاگیا








