کوئٹہ(ممتازنیوز) پاکستان مسلم لیگ بلوچستان کی صوبائی جنرل کونسل کا اجلاس منگل کو کوئٹہ پریس کلب میں ہوا، صوبائی جنرل کونسل کے اجلاس کی صدارت نصیر احمد باچا نے کی جبکہ مہمان خصوصی پارٹی کے مرکزی راہنماء اور سیکرٹری آرگنائزنگ غلام مصطفیٰ ملک تھے، لالہ جان انٹرا پارٹی انتخابات کے لیے پارٹی کے مرکزی رہنماحاجی لالہ جان اچکزئی الیکشن کمشنر مقرر کیا گیا، رزاق لغاری ، برات جان، حافظ عقیل اور عظام جاوید ممبران تھے جبکہ شکایات سننے کے لیے شمس کاکڑ ، کمانڈر کلیم اللہ اور جہانگیر شاہ پر مشتمل الیکشن ٹربیونل بھی تشکیل دیا گیا تھا، 123 ممبران نے کاغذاتے جمع کروائے ، تین پر کونسل کے اراکین نے اعتراض کیا، جس پر الیکشن ٹربیونل نے دو امیدواروں کے کاغذات کو مسترد کر دیا اور ایک کی اپیل سن کر اسے انتخاب کے لیے اہل قرار دے دیا،6 امیدواروں نے اپنی رضامندی سے کاغذات واپس لیے جس کے بعد 115 ممبران بلامقابلہ منتخب ہو گئے جس کا باقاعدہ اعلان الیکشن کمشنر حاجی لالہ جان اچکزئی نے کیا ۔
انہوں نے کہا کہ پورے صوبے میں الیکشن کے ذریعے قیادت منخب کریں گے کسی کو عہدہ اس لیے نہیں دیں گے کہ وہ جاگیردار یا سرمایہ دار ہے بلکہ حقیقی کارکنوں کو قیادت کا موقع دیں گے ، اجلاس میں پارٹی کے صوبائی راہنماء ملک شیر احمد شاہوانی نے مسلم لیگ صوبہ بلوچستان کی طرف سے ایک قرار داد پیش کی جس میں چودھری شجاعت حسین کی قیادت پر مکمل اعتماد اور یکجتہی کا اظہار کیا گیا ان کے فیصلوں کی مکمل حمایت کی گئی اور اس عزم کو دہرایا گیا کہ چودھری شجاعت حسین کی قیادت بلوچستان میں پارٹی کو ہر سطح پر متحرک کیا جائے گا ناراض اور خاموش دوستوں سے رابطے کیے جائیں گے اور اسے ہر سطح پر منظم کریں گے ۔
اجلاس میں شہدائے لسبیلہ کی شہادت پر رنج و غم کا اظہار کیا گیا ، متاثرین سیلاب سے دلی ہمدردی کا اظہار اور انکے جانی و مالی نقصان پر افسوس کا اظہار کیا گیا اور حکومت سے مطالبہ کیا گیا کہ وہ ریلیف اور امدادی سرگرمیوں میں تیزی لائے۔
قائمقام صدر نصیر احمد باچانے کہا کہ بلوچستان کے عوام غیور ہیں وہ دوستوں کو نہیں چھوڑتے ، چوہدری شجاعت پاکستانی سیاست کا سرمایہ ہیں، وہ سچا اور محب وطن لیڈر ہے ، وہ اپنی ذات کا نہیں ریاست کا سوچتے ہیں، ان کی بلوچستان کے لیے بہت خدمات ہیں ہمیشہ پارٹی انکے ساتھ کھڑی رہے گی، آج پارٹی اقتدار میں نہیں لیکن پھر بھی لوگ پارٹی کے ساتھ ہیں، نوجوان پارٹی کا سرمایہ ہیں، مجھے آپکا جوش دیکھ کر لگتا ہے کہ اب پارٹی مزید مضبوط ہو گی،پنجاب سے دس گنا زیادہ محبت دیں گے ،مسلم لیگ کو بلوچستان میں بڑی قوت بنائیں گے ۔
اجلاس سے خطاب کرتے ہوئے مرکزی رہنما غلام مصطفی ملک نے کہا بلوچستان سے چوہدری شجاعت حسین کا بہت گہرا رشتہ ہے اسکی تعمیر و ترقی میں انکی ہمیشہ دلچسپی شامل رہی، میں نومنتخب ممبران کو مبارکباد پیش کرتا ہوں آپکےانتخاب سے جماعت مزید مضبوط یو گی،یہاں کے پارٹی ورکروں سے ہمارا بہت پیار کا رشتہ ہے ،بلوچستان کا ہر کارکن اور رہنما ہمارے لیے بہت قابل احترام ہیں چوہدری شجاعت حسین کی قیادت میں پاکستان مسلم لیگ (ق)کو صوبہ میں مضبوط جماعت بنانا اب آپ سب کی ذمہ داری ہے۔
ق لیگ بلوچستان کی صوبائی جنرل کونسل کا اجلاس، چودھری شجاعت کی قیادت پر مکمل اعتماد اور یکجہتی کا اظہار








