بانی: عبداللہ بٹ      ایڈیٹرانچیف : عاقل جمال بٹ

بانی: عبداللہ بٹ

ایڈیٹرانچیف : عاقل جمال بٹ

عمران خان نے لڑنے کی کوشش کی تو کیس بہت کمزور ہے، رشید رضوی

کراچی (مانیٹرنگ ڈیسک)نجی ٹی وی کے پروگرام میں گفتگو کرتے ہوئے جسٹس (ر) رشید اے رضوی نے کہا ہے کہ عمران خان کو خاتون جج سے متعلق بیان پر غیرمشروط معافی مانگنی چاہئے، عمران خان نے 2012ء میں بھی عدالت کو ڈی فیم کیا تھا جس پر سپریم کورٹ نے انہیں وارننگ دے کر معافی قبول کی تھی، عمران خان نے کیس لڑنے کی کوشش کی تو یہ کیس بہت کمزور ہے، عمران خان اس معاملہ کو انا کا مسئلہ بنانے کے بجائے معافی مانگیں،جسٹس (ر) ناصرہ جاوید اقبال نے کہا کہ عمران خان خاتون جج سے متعلق بیان پر خطرے میں پڑسکتے ہیں، ماضی میں ایک سابق وزیراعظم توہین عدالت پر عہدے سے فارغ ہوچکے ہیں، عمران خان معافی مانگ لیتے ہیں تو ممکن ہے عدالت انہیں معاف کردے، عمران خان کو عدالت برخاست ہونے تک بھی سزا ہوئی تو نااہل بھی ہوجائیں گے، بڑا شخص معافی مانگنے سے کبھی عذر نہیں کرتا ہے۔جسٹس (ر) شاہ خاور نے کہا کہ توہین عدالت کے معاملہ میں موثر دفاع غیرمشروط معافی ہوتی ہے، عمران خان کے خلاف توہین عدالت کیس زیادہ حساس ہے، شاید پہلی دفعہ کسی ہائیکورٹ نے توہین عدالت پر ازخود نوٹس لیا ہے، عمران خان اپنے الفاظ واپس لے کر ندامت کا اظہار کرتے ہوئے غیرمشروط معافی مانگ لیں تو مسئلہ حل ہوسکتا ہے۔ وفاقی وزیرداخلہ رانا ثناء اللہ نے کہا کہ عمران خان خود کٹھ پتلی اور سلیکٹڈ رہے انہیں سب کٹھ پتلی نظر آرہے ہیں، اتحادی حکومت میں تمام سیاسی جماعتیں باہمی تضادات کے باوجود ملک کی بہتری کیلئے شامل ہیں، پنجاب میں پی ٹی آئی کی نہیں ق لیگ اور سب سے بڑے ڈاکو کی حکومت ہے، پی ٹی آئی اور ق لیگ کے اندرونی تضادات چند دن میں کھل کر سامنے آجائیں گے۔رانا ثناء اللہ کا کہنا تھا کہ پنجاب حکومت اس شکل میں برقرار نہیں رہ سکتی،پنجاب حکومت خود گرے گی یہ فیصلہ ہم کریں گے کہ ق لیگ کو گرنے دینا ہے یا نہیں گرنے دینا، پنجاب میں صورتحال اس سے زیادہ ابتر ہے جتنی فواد کے بیان میں نظر آرہی ہے، اندرون خانہ جو کہانیاں ہم سن رہے ہیں وہ بڑی عجیب ہیں، ممکنہ طور پر پنجاب میں ایم پی ایز کا ایک دھڑا مستعفی یا حکومت سے علیحدہ ہوجائے گا، پی ٹی آئی اور ق لیگ کے درمیان نہ معاملہ چل رہا ہے اور نہ آگے چل سکتا ہے۔ رانا ثناء اللہ نے کہا کہ عمران خان کی گرفتاری کے فیصلے سے پہلے اتحادیوں کو آن بورڈ لینا ہے، اتحادی حکومت نے فیصلہ کرلیا تو عمران خان کو گرفتار کرلیں گے،عمران خان کی گرفتاری کی صورت میں جو یہ باتیں کررہے ہیں ایسا کچھ نہیں ہوگا، عمران خان نے خاتون جج کو عدالتی فیصلے پر ایکشن لینے کی دھمکی دی، ریاست اس پر اپنی ذمہ داری پوری نہیں کرتی تو کڑی تنقید ہوتی، عمران خان کی غیرقانونی ریلی اور جلسہ کا پرچہ علیحدہ درج کیا جارہا ہے، عمران خان کی ضمانت منسوخ ہوگئی تو انہیں گرفتار کرنا مجبوری ہوگی۔ رانا ثناء اللہ کا کہنا تھا کہ شہباز گل نے فوج کو کمانڈ کے احکامات نہ ماننے کیلئے اکسایا، شہباز گل کا بیان اور عمران خان کی تقریر ماضی کے جن بیانات کا حوالہ دیا جارہا ہے ان سے مختلف ہیں، شہداء کے خلاف ٹرینڈ چلائے گئے کیا اس کی پی ٹی آئی نے مذمت کی؟، شہداء کے خلاف مہم جوئی کرنے والے پی ٹی آئی کے لوگ ہیں۔