اسلام آباد(مانیٹرنگ ڈیسک )سابق وزیراعظم عمران خان کے خلاف توہین عدالت کیس کی سماعت آج اسلام آباد ہائیکورٹ میں ہو گی، چیئر مین پاکستان تحریک انصاف کی پیشی کے باعث عدالت کے باہر سیکیورٹی سخت کر دی گئی ہے۔
نجی ٹی وی کے مطابق عمران خان کی عدالت پیشی کی وجہ سے کسی بھی شخص کاعدالت میں داخلہ اجازت نامے سے مشروط ہوگا، سٹاف کو محدود نقل و حمل کی اجازت دی گئی ہے جبکہ علاقہ مکینوں کے لیے متبادل راستوں کا انتظام کیا گیا ہے۔
رپورٹ کے مطابق گزشتہ روز سابق وزیر اعظم عمران خان نے توہین عدالت کیس میں الفاظ واپس لینے کی پیشکش کی تھی ،ذرائع کے مطابق عمران خان کا جواب اسلام آباد ہائیکورٹ میں جمع کرا دیا گیا ہے ،جس میں کہا گیا ہے کہ ججز کے احساسات کو مجروع کرنے پر یقین نہیں رکھتے، الفاظ غیر مناسب تھے تو واپس لینے کے لیے تیار ہوں۔
انہوں نے کہا کہ عدالت تقریر کاسیاق و سباق کیساتھ جائزہ لے، پوری زندگی قانون اور آئین کی پابندی کی ہے، عمران خان نے استدعا کی کہ ان کیخلاف توہین عدالت کا شوکاز نوٹس واپس لیا جائے۔









