اسلام آباد(نیوزڈیسک) سپیکر قومی اسمبلی راجہ پرویز اشرف اور ڈپٹی سپیکر زاہد اکرم درانی نے کہا ہے کہ کشمیری بزرگ حریت رہنما مرحوم سید علی گیلانی نے اپنی ساری زندگی کشمیر کی آزادی کے لے جدو جہد میں بسر کی، ان کی کشمیر کی آزادی کے لیے جدو جہد اور قربانیوں کو ہمیشہ یاد رکھا جاے گا۔ انہوں نے ان خیالات کا اظہار بزرگ حریت رہنما سید علی گیلانی کی برسی کے موقع پر اپنے علیحدہ علیحدہ پیغامات میں کیا۔اس موقع پر سپیکر نے سید علی گیلانی کی جدوجہد آزادی کو خراج تحسین پیش کرتے ہوئے کہا کہ سید علی گیلانی نے کشمیر کی آزادی کی خاطر بھارتی جبر و استبداد کا مقابلہ کیا اور قید و بند کی صعوبتیں جھلیں۔ انہوں نے کہا کہ سید علی گیلانی کے ویژن کو آگے بڑھانا اور کشمیر میں ہونے والے انسانی حقوق کی پامالیوں کو روکنے کے لیے آواز بلند کرنا ہم سب کی ذمہ داری ہے۔سپیکر نے کہا کہ خطے میں پائیدار امن کے قیام کے لیے مسئلہ کشمیر کا سلامتی کونسل کی قراردادوں کے مطابق حل ناگزیر ہے۔انہوں نے کہا کہ کشمیری عوام گزشتہ 75 سالوں سے اپنی آزادی کی جنگ لڑ رہے ہیں اور بھارت کی طرف سے ڈھائے جانے والے بدترین مظالم کا مقابلہ کر رہے ہیں۔انہوں نے اقوام متحدہ سے مقبوضہ کشمیر میں بھارت کی طرف سے ڈھائے جانے والے مظالم کا سختی سے نوٹس لینے اور کشمیر سے متعلق سلامتی کونسل کی قراردادوں پر عمل درآمد کو یقینی بنانے کے لیے کردار ادا کرنے کا کہا۔انہوں نے اس امید کا بھی اظہار کیا کہ سید علی گیلانی کی جدو جہد آزادی جلد کامیابی سے ہمکنار ہو گی اور مقبوضہ کشمیر کو بھارت تسلط سے آزادی حاصل ہو گی۔اس موقع پر ڈپٹی سپیکر زاہد اکرم درانی نے کہا کہ سید علی گیلانی کی زندگی ہم سب کے لیے مشعل راہ ہے، انہوں نے اپنی پوری زندگی کشمیر کی آزادی کے لیے جدو جہد کی۔ انہوں نے کہا سید علی گیلانی ایک عظیم تھے رہنما تھے پوری پاکستانی قوم مقبوضہ کشمیر کی آزادی کے لیے ان کی جدو جہد اور قربانیوں کو سلام پیش کرتی ہے۔
کشمیر کی جدو جہد آزادی میں سید علی گیلانی کی خدمات کو ہمیشہ یاد رکھا جاے گا،سپیکر قومی اسمبلی








