بانی: عبداللہ بٹ      ایڈیٹرانچیف : عاقل جمال بٹ

بانی: عبداللہ بٹ

ایڈیٹرانچیف : عاقل جمال بٹ

سیلاب زدگان کے لیے 30 ملین ڈالر امداد پر امریکا کے شکر گزار ہیں ، مسعود خان

شکاگو(ممتاز نیوز) امریکا میں پاکستانی سفیر مسعود خان نے امریکی وزیر خارجہ انٹونی جے بلنکن کی جانب سے پاکستان میں حالیہ سیلاب کی تباہ کاریوں سے نمٹنے اور مثاترین کی مدد کے لیے 30 ملین ڈالر کی انسانی امداد کے اعلان پر انکا شکریہ ادا کیا ہے۔
امریکہ میں پاکستان کے سفیر نے سیکرٹری بلنکن کے امداد کے اعلان پراپنی ٹویٹ میں کہا کہ پاکستان کے لیے اس نازک وقت میں حمایت پر ہم آپ کے شکر گزار ہیں،
امریکی وزیر خارجہ نے اپنے ٹویٹ میں پاکستان کے ساتھ کھڑے ہونے کا اعادہ کرتے ہوئے اعلان کیا تھا کہ امریکہ یو ایس ایڈ کے ذریعے خوراک، محفوظ پانی اور پناہ گاہ جیسی اہم انسانی امداد کے لیے 30 ملین ڈالر فراہم کر رہا ہے۔
امریکی سینیٹرز، ارکان کانگریس اور دیگر سیاسی قیادت کی جانب سے بھی حالیہ غیر معمولی سیلاب سے ہونے والی وسیع تباہی پر پاکستان کے ساتھ یکجہتی کا اظہارکیا ۔
سینیٹ کی خارجہ تعلقات کمیٹی کے چیئرمین سینیٹر باب میننڈیز نے اپنے ٹوئٹ میں کہا کہ ان کے ذہن میں پاکستانی عوام خصوصاً وہ لوگ ہیں جنہوں نے حالیہ سیلاب میں اپنے پیاروں کو کھو دیا۔
سینیٹر باب نے کہا کہ پناہ گاہ، صاف پانی، صحت کی دیکھ بھال اور ہنگامی خدمات کے لیے بین الاقوامی تعاون اہم ہے اور ہم موسمیاتی بحران کے مہلک اثرات کو نظر انداز کرنے کے متحمل نہیں ہو سکتے۔
سفیر پاکستان مسعود خان نے پاکستان کے ساتھ اظہار یکجہتی اور مدد کی اپیل پر چیئرمین سینیٹ خارجہ تعلقات کمیٹی کا شکریہ ادا کیا۔ سفیر پاکستان نے کہا کہ ہمیں مل کر موسمیاتی بحران کا مقابلہ کرنا ہوگا۔
ٹیکساس کے سینیٹر لوءکولکھورسٹ نے اپنی ٹویٹ میں کہا کہ ان کا خاندان اور وہ پاکستان میں خوفناک سیلاب کی تباہ کاری سے متاثر ہونے والے کے لیے دعا گو ہیں۔
سفیر پاکستان مسعود خان نے سیلاب پر پاکستانی عوام کے لیے ہمدردی کے پیغام کے لیے سینیٹر لوءکا شکریہ ادا کیا۔
کانگریس کی خاتون رکن الہان عمر نے پاکستانی عوام کے ساتھ اظہار یکجہتی کرتے ہوئے اپنی ٹوئٹ میں کہا کہ اس وقت موسمیاتی تبدیلی کے اثرات کا ہم سب کو مل کر مقابلہ کرنا ہوگا اور پاکستان میں حالیہ سیلاب اسکی مثال ہے ، میری دعائیں متاثرین سیلاب اور مصیبت میں گھرے لاکھوں لوگوں کے ساتھ ہیں۔
سفیر پاکستان مسعود خان نے الہان عمر کی حمایت پر ان کا شکریہ ادا کیا اور کہا کہ موسمیاتی تبدیلی کے تباہ کن اثرات کو کم کرنے اور اس سے بچنے کے لیے مل کر کام کرنا ہوگا۔
ٹیکساس کے کانگریس مین ٹرائے نیہلز نے اپنی ٹوئٹ میں اس بات کو اجاگر کیا کہ پاکستان کا ایک تہائی حصہ زیر آب ہے جس میں 1000 سے زائد اموات اور 33 ملین سے زائد افراد متاثر ہوئے جبکہ 200,000 سے زائد گھر تباہ ہوئے۔
کانگریس مین ٹرائے نے کہا کہ میرے خیالات اور دعائیں خوفناک سیلاب سے متاثر ہونے والے تمام افراد کے ساتھ ہیں
شکاگو کی میئر لوری ای لائٹ فوٹ نے اپنے پیغام میں پاکستانی کمیونٹی کے ساتھ گہری تعزیت کا اظہار کیا۔انہوں نے کہا کہ موسمیاتی تبدیلی دنیا اور معاشروں کو گہرے اور تباہ کن طریقوں سے متاثر کر رہی ہے۔
میئر لوری کی جانب سے پاکستان میں حالیہ سیلاب سے بے گھر ہونے والے افراد اور انکے خاندانوں کے ساتھ یکجہتی کا اظہارکیا۔
پاکستان میں حالیہ سیلاب کے موقع ہر امریکہ کی دیگر سیاسی قیادت نے بھی سیلاب متاثرین سے ہمدردی کا اظہار کیا ہے۔
پاکستان تباہ کن سیلاب کے بڑے چیلنج سے نبرد آزما ہے جس کے نتیجے میں قیمتی جانوں کا ضیاع اور املاک کو بھاری نقصان پہنچا ہے۔
اقوام متحدہ نے 160 ملین ڈالر کے ہنگامی فنڈز کے لیے ایک اپیل بھی جاری کی ہےجس میں بین الاقوامی برادری پر زور دیا گیا ہے کہ وہ فوری طور پر 5.2 ملین افراد کو خوراک، پانی، صفائی، ہنگامی تعلیم، تحفظ اور صحت کی مدد کی فراہمی کو یقینی بنائے۔