اسلام آباد(مانیٹرنگ ڈیسک) سابق وفاقی وزیر اسد عمر نے کہا ہے کہ چیئرمین پی ٹی آئی عمران خان کے خلاف جھوٹے مقدمات کے نتیجے میں پاکستان کی ساکھ کو نقصان پہنچ رہا ہے، دنیا بھر میں پاکستان کا مذاق اڑایا جارہا ہے۔
عدالت کے باہر میڈیا سے بات چیت کرتے ہوئے پی ٹی آئی رہنما اسد عمر نے کہا ہے کہ یہ لوگ جان چکے ہیں کہ عمران خان سے سیاسی طور پر مقابلہ کرنا مشکل ہی نہیں ناممکن ہوگیا ہے جس کی وجہ سے ان پر جھوٹے مقدمات اور غلط دفعات لگائی جارہی ہیں۔
انہوں نے کہا کہ عمران خان کو صرف ملک کا نہیں بلکہ عالم اسلام کا لیڈر مانا جاتا ہے اور اب حکومت میں بیٹھے لوگوں کو یہ تسلیم کرلیا چاہیئے کہ عوام عمران خان کے ساتھ کھڑی ہے، اگر یہ لوگ جمہوری نظام چاہتے ہیں تو الیکشن کروا کرعوام کو فیصلہ کرنے دیں۔
انہوں نے بتایا کہ جھوٹے مقدمات سے عمران خان کو کچھ نہیں ہورہا ہے، عمران خان پر جتنا دباؤ ڈال رہے ہیں وہ اتنے ہی زیادہ مقبول ہورہے ہیں۔
اس موقع پر میڈیا سے بات کرتے ہوئے پی ٹی آئی رہنما بابر اعوان نے کہا ہے کہ عمران خان کے خلاف 4 نئی دفعات شامل کی گئیں ہیں ، ایسی دفعہ بھی لگائی گئی جسے عدالت کی اجازت کے بغیرنہیں لگایا جاسکتا ہے اور یہوہ دفعات ہیں کہ جس سے پورا پاکستان جیل بن جائے گا۔
انہوں نے کہا کہ ان کے پاس اب بھی وقت ہے یہ کیس واپس لے لیں کیونکہ جھوٹے کیسز بنانے والوں کے خلاف کارروائی سے ہمیں کوئی نہیں روک سکتا ہے۔
انہوں نے بتایا کہ عمران خان کو تھریٹ ملا ہے ، حکومت نے تحریری طور پر بتایا ہے کہ عمران خان کو سیکیورٹی کے شدید خطرات ہیں۔









