بانی: عبداللہ بٹ      ایڈیٹرانچیف : عاقل جمال بٹ

بانی: عبداللہ بٹ

ایڈیٹرانچیف : عاقل جمال بٹ

سیلاب زدگان کی بحالی، برطانیہ ڈیڑھ کروڑ پاؤنڈ کی اضافی امداد دے گا

لندن(ممتازنیوز)برطانیہ نے پاکستان سیلاب زدگان کے لئے ڈیڑھ کروڑ پاؤنڈ اضافی امداد کی فراہمی کااعلان کردیا۔ برطانوی وزیرخارجہ لز ٹرس نے سیلاب زدہ پاکستانی علاقوں میں امدادی سرگرمیوں کے لیے برطانوی امداد میں اضافے کا اعلان کیا ہے۔ انہوں نے کہاکہ سیلاب زدہ علاقوں پھنسے افراد کو شیلٹر اور دیگر اشیائے ضروریہ فراہم کرنے کے لیے برطانیہ ڈیڑھ کروڑ پاؤنڈ مہیا کرے گا۔ برطانیہ پہلے ہی پندرہ لاکھ پاؤنڈ فوری امداد کا اعلان کر چکا ہے۔ ان ڈیڑھ کرور پاونڈ میں سے پچاس لاکھ پاؤنڈ، ڈیزاسٹر ایمرجنسی کمیٹی کی پاکستان کے لیے کی گئی امدادی اپیل کے تحت دیئے جائیں گے۔ برطانوی عوام کی جانب سے دیئے جانے والے عطیات کی مالیت کے برابر رقم ان پچاس لاکھ پاونڈ میں سے کمیٹی کو دی جائے گی۔ بقیہ ایک کروڑ پاونڈ بین الاقوامی امدادی اداروں کے ذریعے پانی، شیلٹر اور طہارت کی سہولیات کی فراہمی اور خواتین اور بچیوں کے تحفظ کے لیے خرچ کیے جائیں گے۔ یہ امدادی رقم لوگوں کے گھرکی تعمیرومرمت اور روزگارکی بحالی کے لیے بھی خرچ کی جائے گی۔
سیکرٹری خارجہ لز ٹرس نے کہاکہ برطانیہ اس مشکل گھڑی میں پاکستان کے ساتھ کھڑا ہے۔ ایک تہائی پاکستان پانی میں ڈوبا ہوا ہے۔ انسانی ہمدردی کے تحت سیلاب میں گھرے کروڑں لوگوں کی زندگیاں بچانے کے لیے ہم ہر ممکن امداد مہیا کریں گے۔ ڈیڑھ کروڑ پاونڈ کا یہ امدادی پیکج بھی ہماری ان کوششوں کا حصہ ہے۔
ادھر برطانوی وزیر مملک برائے جنوبی و وسطی ایشیا لارڈ طارق احمد آف ومبلڈن نے کاکہ ماحولیاتی تبدیلی لاکھوں لوگوں کی زندگیوں کو بری طرح متاثر کر رہی ہے۔ پاکستان کی فوری اور طویل مدتی ضروریات کا اندازہ لگانے کے لیے برطانیہ دن رات پاکستان حکام کے ساتھ کام کر رہا ہے۔ ہم اقوام متحدہ اور ورلڈ بنک سمیت سیلاب میں گھرے افراد کی مدد میں مصروف متعدد بین الاقوامی امدادی تنظیموں کے ساتھ مل کر کام کر رہے ہیں۔ پاکستان کو درکار امداد کی فراہمی کے لیے ہم عالمی برادری کے ساتھ مل کر کام کرتے رہیں گے۔