لاہور(چودھری امتیازاحمد)علامہ اقبال اوپن یونیورسٹی کے ریجنل ڈائریکٹر لاہور امان اللہ ملک نے کہاہے کہ علامہ اقبال اوپن یونیورسٹی فاصلاتی نظام تعلیم میں دنیا کی دوسری بڑی یونیورسٹی جبکہ پاکستان کا سب سے بڑا فاصلاتی تعلیمی ادارہ ہےجس میں ہر سال اوسطاً دس لاکھ سے زائد طلبہ مختلف کورسز میں داخلہ لیتے ہیں،فاصلاتی نظام تعلیم کم خرچ میں نہ صرف شرح خواندگی میں اضافہ کرتی ہے بلکہ اس میں ایسے مواقع بھی موجود ہیں جو ٹیکنالوجی کی ترقی کے موجودہ دور میں اہمیت رکھتے ہیں،لاہورکیمپس میں بی ایس (کمپیوٹر سائنسز) کے پروگرام کے تحت باقاعدہ کلاسز کا اہتمام جلد کیا جائے گا۔’’روزنامہ ممتاز‘‘ کو دیئے گئے انٹرویومیں امان اللہ ملک نے کہاکہ پاکستان کی آبادی کو صرف رسمی نظام تعلیم (کیمپس ایجوکیشن سسٹم) کے ذریعے تعلیم یافتہ نہیں کیا جا سکتااس لئے گزشتہ کئی دہائیوں سے تمام طبقوں تک تعلیم کو پہنچانے کے لیے رسمی تعلیم کے ساتھ فاصلاتی نظام تعلیم کا سہارا لیا جا رہا ہے کیوں کہ یہ واحد نظام تعلیم ہے جو نہ صرف آج کے چیلنجزکو قبول کرتا ہے بلکہ کفایتی بھی ہے اور مابعد صنعتی جدید دور کے نو آموزگار کے تقاضوں کو پورا کرتی ہے،فاصلاتی نظام تعلیم کم خرچ میں نہ صرف شرح خواندگی کی توسیع کرتی ہے بلکہ اس میں ایسے مواقع بھی موجود ہیں جو ٹیکنالوجی کی ترقی کے موجودہ دور میں اہمیت رکھتے ہیں۔ انہوں نے کہاکہ فاصلاتی تعلیم میں فاصلہ رکاوٹ نہیں بنتا‘ کمپیوٹر، انٹرنیٹ اور دوسرے ذرائع ابلاغ کی آمد نے پوری دنیا کو ایک گلوبل گاوں بنا دیا ہے، اس میں تعلیم کے حصول کے لیے عمر کی کوئی قید نہیں ہوتی‘ فاصلاتی تعلیم میں روایتی کمر ے جماعت نہیں ہوتے جن میں روزانہ طلبا کا حاضرہونا ضروری ہو‘ اس نظام کے ذریعے تعلیم حاصل کرنے والے طلبا کو یہ سہولت حاصل ہوتی ہے کہ وہ دن کے وقت اپنا کام جاری رکھیں اور شام کو کسی کورس میں داخلہ لے کر تعلیم حاصل کریں،اس نظام کا بڑا مقصد بڑے پیمانے پر لوگوں کو تعلیم دینا ہے۔امان اللہ ملک نے کہاکہ فاصلاتی نظام تعلیم کی خاص بات تعلیمی اخراجات میں کمی ہے‘ یہ نہ صرف تعلیمی مسائل کا سستا حل ہے، بلکہ بعض صورتوں میں حیرت انگیز طور پر موثر بھی ہے۔ اس کا انتظامی ڈھانچہ روایتی نظام تعلیم سے بہت مختلف ہوتا ہے‘ اس نظام تعلیم کے تحت طالبعلم ادارے کے پروگرام پر سختی سے عمل کرنے کا پابند نہیں ہوتا۔ اوپن لرننگ سسٹم میں تدریسی مواد بہت معیاری اور سائنٹفک ڈھنگ سے تیار کیا جاتا ہے تاکہ اساتذہ کی کمی کا احساس کم سے کم ہو۔ایک سوال پر انہوں نے کہاکہ دنیا بھر کی طرح پاکستان میں بھی فاصلاتی نظام تعلیم فراہم کرنے والی کئی یونیورسٹیاں کام کر رہی ہیں انہیں یونیورسٹیوں میں علامہ اقبال اوپن یونیورسٹی دنیا کی دوسری اور ایشیاء کی پہلی اوپن یونیورسٹی ہے، علامہ اقبال اوپن یونیورسٹی پاکستان کا سب سے بڑا فاصلاتی تعلیمی ادارہ ہے،ہر سال اوسطاً دس لاکھ سے زائد طلبہ مختلف کورسز میں داخلہ لیتے ہیں۔انہوں نے کہاکہ علامہ اقبال یونیورسٹی پاکستان کا ایک منفرد ادارہ ہے جو میٹرک سے لے کر پی ایچ ڈی تک لوگوں کو زیور تعلیم سے آراستہ کر رہا ہےحالیہ سمسٹر خزاں 2022میں پہلے فیز میں میٹرک، ایف اے،بی ایس (سی ایس)، بی ایس، ایم فل اور پی ایچ ڈی کے علاوہ سرٹیفیکٹ کورسز میں داخلے جاری ہیں۔ انہوں نے کہاکہ موجود سہولیات جیسے کہ ای کلاس روم، کمپیوٹر لیب، وڈیو کانفرس سسٹم اور تیز ترین انٹر نیٹ کو مد نظر رکھتے ہو ئے حال ہی میں بی ایس (کمپیوٹر سائنسز) کے پروگرام کا اجر ا کیا گیا ہے جس کے تحت باقاعدہ کلاسز کا اہتمام ریجنل کیمپس لاہور میں کیا جائے گا تاکہ طلبہ جدید دور کی ڈگری (BSCS)مناسب فیس اور جدید سہولیات کے ساتھ مکمل کر سکیں۔ امان اللہ ملک نے اپنی تعلیم اور کیریئر کے آغاز سے متعلق سوال پر بتایا کہ میری تعلیم نرسری تا ایف ایس سی واہ کینٹ کی ہے، میں نے گریجویشن ایف سی کالج لاہور جبکہ ماسٹر ز پنجاب یونیورسٹی سے کیا۔ 1995ء میں پروفیشنل زندگی کا آغاز بطور لیکچرار پنجاب ہائر ایجوکیشن ڈیپارٹمنٹ کے کالج سے کیا میں نے تقریباً 17سال ہائر ایجوکیشن میں درس و تد ریس کے فرائض سرا نجام دئیے۔ نیشنل کمیشن فار ہو من ڈویلپمنٹ خوشاب میں بطور ڈسٹرکٹ جنرل منیجر خدمات سر انجام دیں۔مجھے پنجاب انفارمیشن ٹیکنالوجی بورڈ، ارفع کریم ٹاور، لاہور میں بھی ڈیپوٹیشن پر کام کرنے کا موقع ملا۔ اس کے بعد 2012میں علامہ اقبال اوپن یونیورسٹی میں بطور ریجنل ڈائریکٹر سلیکشن ہو ئی۔ اگر یونیورسٹی کی بات کریں تو میں نے مختلف پوزیشنز پر کا م کیا ہے۔ میں نے ایڈیشنل ڈائریکٹر ریجنل سروسز اوپن یونیورسٹی اسلام آباد بھی کام کیا ہے۔ 2013ءمیں ریجنل ڈائریکٹر لاہورکچھ عرصہ کام کیا اور بعد میں اسلام آباد تبادلہ ہو گیا۔ اس کے بعد بطور ریجنل ڈائریکٹر اٹک، ریجنل ڈائریکٹر میانوالی کام کرنے کا موقع ملا۔ مارچ 2021میں پھر سے لاہور تبادلہ ہوا۔
علامہ اقبال اوپن یونیورسٹی کاشرح خواندگی بڑھانے میں اہم کردار،ہر سال10 لاکھ طلبہ داخلہ لیتے ہیں، امان اللہ ملک








