بانی: عبداللہ بٹ      ایڈیٹرانچیف : عاقل جمال بٹ

بانی: عبداللہ بٹ

ایڈیٹرانچیف : عاقل جمال بٹ

اقتدار ہماری منزل نہیں،نیک مقصد کے حصول کیلئے سیاسی میدان میں زور آزمائی کررہے ہیں،شاہ محمود

ملتان(ممتاز نیوز)پاکستان تحریک انصاف کے وائس چیئرمین مخدوم شاہ محمود قریشی نے کہا ہے کہ شہباز شریف‘زرداری اور اتحادیوں کی حکومت عوام میں اپنی ساکھ کھو چکی ہے۔ مقبولیت زمین بوس ہو چکی ہے۔ مہنگائی‘ ناکامی اور اپنی نااہلیت پر توجہ ہٹانے کیلئے الزام تراشی پر اتر آئے ہیں۔ امپورٹڈ حکمران تحریک انصاف پرالزام تراشی کرکے مہنگائی‘ نااہلیت اور موجودہ ملکی حالات سے بری الزمہ نہیں ہو سکتے۔ دونوں پارٹیاں 40 سال تک ملک میں یکے دیگرے اقتدار میں رہیں۔ انہوں نے باریوں کی سیاست کی۔ ان کی 40 سالہ کارکردگی کا ملبہ تحریک انصاف کے مختصر دور پر نہیں انڈیلا جاسکتا۔ عمران خان نے دونوں جماعتوں کے جمود کو توڑا اور باریوں کی سیاست کو ختم کیا۔ قوم ان کی اصلیت جان چکے ہیں۔ ان خیالات کا اظہار انہوں نے گزشتہ روز این اے 157 کی مختلف یونین کونسلوں بدھلہ سنت‘ 9 ٹرپائی‘ موضع شیر سنگھ سمیت مختلف مقامات پر کارنر میٹنگز سے خطاب کرتے ہوئے کیا۔ مخدوم راجن بخش گیلانی‘ مخدومزادہ سجاد حسین قریشی‘ مخدومزادہ زین گیلانی‘ بن یامین ساجد‘ ملک کالو بھٹی‘ شیخ نعمان‘ ملک ثاقب محمود مہے‘ ملک ظہور مہے سمیت دیگر شخصیات ان کے ہمراہ تھے۔ انہوں نے کہا حکومت سیلاب پر سیاست کررہی ہے۔ ایک طرف کہا جا رہا ہے یہ قومی آفت ہے اور ملکر اس کا مقابلہ کریں گے۔ دوسری جانب ایف آئی آرز کاٹی جا رہی ہیں۔ انتقامی کارروائیاں کی جا رہی ہیں۔ حکومت کے قول و فعل میں تضاد ہے۔ ملک میں 40 سال دو جماعتیں اقتدار میں رہیں۔ انہوں نے آج تک ملک میں پانی کا ذخیرہ کرنے اور ڈیم بنانے کیلئے کوئی اقدامات نہیں کئے۔ عمران خان اور تحریک انصاف نے ملک میں 10 نئے ڈیم بنانے کیلئے عملی اقدامات کئے۔آپ لوگوں نے اپنے دور اقتدار میں کیا کیا؟ انہوں نے کہا عمران خان واحد سربراہ ہیں جس نے موسمی تبدیلی کی اہمیت کو مد نظر رکھتے ہوئے عملی اقدامات کئے۔ آپ لوگو ں کی حکومت نے کیا کیا؟ اب سیلاب نے تباہی مچائی تو الزام ہمارے اوپر دیا جار ہاہے۔ انہوں نے کہا عالمی برادری اور پاکستان کی عوام عمران خان پر اعتماد کرتے ہیں۔ اڑھائی گھنٹے کی ٹیلی تھون میں عمران خان کو 5 ارب روپے کا فنڈ دیا گیا۔ دنیا کو پتہ ہے یہ فنڈز مستحقین کو شفاف طریقے سے ملیں گے۔ زرداری‘ شہباز شریف سیلاب زدگان کی امداد کیلئے ٹیلی تھون کیوں نہیں کرتے۔ اس لئے نہیں کرتے کہ دنیا آپ پر اعتماد نہیں کرتی۔ دنیا کو پتہ ہے سیلاب زدگان کی امداد کیلئے آئی گئی رقم مستحقین کو نہیں ملنی۔ انہوں نے کہا عمران خان خلوص نیت سے پاکستان کے عوام اور بلخصوص سیلاب زدگان کی امداد کیلئے پر عزم ہیں۔ تحریک انصاف اور عمران خان مصیبت کی اس گھڑی میں قوم کو تنہا نہیں چھوڑیں گے۔ اور انشاء اللہ سیلاب زدگان کو شفاف طریقے سے امداد کی فراہمی یقینی بنائی جائے گی۔ انہوں نے کہا اقتدار ہماری منزل نہیں۔ ایک نیک مقصد کے حصول کیلئے سیاسی میدان میں زور آزمائی کررہے ہیں۔ عمران خان کی قیادت میں حقیقی آزادی کی منزل کے حصول کیلئے سرگرم عمل ہیں۔ قوم ساتھ دے۔ چوروں‘ ڈاکوؤں اور لٹیروں سے جنگ جاری رہے گی۔ بیرون ملک سے لوٹی ہوئی دولت کی واپسی کے لئے جدوجہد جاری رہے گی۔ کامیابی انشاء اللہ ہمارا قدم چومے گی۔ انہوں نے کہا این اے 157 کا ضمنی انتخاب عمران خان کے نظریہ اور بیانیہ کو آگے بڑھانے کیلئے لڑ رہے ہیں۔ پنجاب کی غیور عوام نے 17 جولائی کے ضمنی انتخاب میں بھی چوروں کے ٹولے کو شکست دی۔ کراچی کی غیور عوام نے 15جماعتوں کے ٹولے کو مسترد کیا۔ ملتان کی غیور عوام نے 17 جولائی کو پی پی 217 میں 13 جماعتوں پر مشتمل اتحاد کے نمائندے لوٹے کو مسترد کیا۔ ملتان کی غیور عوام کو سلام پیش کرتے ہیں۔ انشاء اللہ 11 ستمبر کو این اے 157 کی عوام ایک بار پھر مہنگائی‘ لوڈشیڈنگ‘ بیڈ گورننس‘ مفادات کی سیاست کو سامنے رکھتے ہوئے پی ڈی ایم کے نمائندے کو ایک بار پھر مسترد کریں گے۔ اس موقع پر عوام کی کثیر تعداد موجود تھی۔ عوام نے پی ٹی آئی امیدوار محترمہ مہر بانو قریشی کی بھر پور حمایت کا اعلان کیا#