بانی: عبداللہ بٹ      ایڈیٹرانچیف : عاقل جمال بٹ

بانی: عبداللہ بٹ

ایڈیٹرانچیف : عاقل جمال بٹ

راجیو شُکلا نے غلطی نہ مانی، بےتُکی وضاحت دے کر مذاق بنوالیا

بھارتی کرکٹ بورڈ (بی سی سی آئی) کے نائب صدر راجیو شکلا کو وزیراعظم عمران خان کی ٹوئٹ کا کچھ اور مطلب سمجھنے اور پھر ٹوئٹ ڈیلیٹ کرنے کے بعد بےتُکی وضاحت پر پاکستانیوں کی ٹرولنگ کا سامنا ہے۔

راجیو شُکلا نے ٹوئٹر پر عمران خان کے قومی ٹیم کو کراچی ٹیسٹ میں شاندار کارکردگی دکھانے اور خود میچ نہ دیکھنے کی وجہ بتاتے ٹوئٹ پر ردعمل دیا تھا۔

سوشل میڈیا پر کراچی ٹیسٹ کے نتیجے سے متعلق وزیراعظم عمران خان نے کرکٹ کے الفاظ استعمال کر کے موجودہ سیاسی منظر نامہ بیان کیا تھا، جس پر راجیو شکلا عمران خان کے بیان کو کرکٹ میں میچ فکسنگ کا اعتراف سمجھ بیٹھے تھے۔

وزیراعظم عمران خان کی ٹوئٹ کا غلط مطلب سمجھنے کے بعد بھارتی سیاستدان اور بی سی سی آئی عہدیدار نے آئی سی سی سے تحقیقات کا مطالبہ بھی کیا تھا۔

بعد ازاں انہوں نے یہ ٹوئٹ ڈیلیٹ کردیا اور اپنی غلطی کی بے تُکی وضاحت دی۔

انہوں نے عمران خان کو ٹیگ کرتے ہوئے کہا کہ میں عمران خان پر ہولی کے موقع پر سیاسی میچ فکسنگ کا ٹوئٹ کرنے پر طنز کررہا تھا، ہولی مزاح اور رنگوں کے لیے جانا جاتا ہے۔ بُرا نا مانو ہولی ہے۔

راجیو شُکلا کی وضاحت پر پاکستانی صارفین باز نہ آئے اور میمز بنانا شروع کردیے۔

ایک صارف نے لکھا کہ شکلا صاحب اپنی غلطی کی وضاحت دینے کی ناکام کوشش کررہے ہیں ، تو کسی نے کہا کہ شکلا کو آئندہ ہوش میں ٹوئٹ کرنے کی ضرورت ہے۔