کراچی (نیوز ڈیسک) وزیراعلیٰ سندھ مراد علی شاہ نے کہا کہ2010 ء کے بعد ملک کو سب سے بڑے سیلاب کا سامناہے۔ اس وقت نارمل سے زیادہ بارش ہوئی۔ ہمارے پاس وسائل نہیں ہیں کہ ایسی بارش کیلئے اقدامات کرسکیں، سیلاب کی تباہی سے کچھ حفاظتی بندوں پر دباؤ ہے جو بڑے دیہات اور شہروں کیلئے باعث خطرہ ہیں لیکن انکے تحفظ کیلئے ریلیف کٹ دینے کا فیصلہ وزیر آبپاشی کے تحت ماہر آبپاشی کو دیا گیا ہے۔ ہم نے مختلف دیہاتوں اور ٹاؤنز کی حفاظت کی اور اس جدوجہد میں آج میرا گاؤں عبداللہ شاہ بھی منچھر جھیل کے بڑھتے پانی سے زیر آب آگیا ہے۔ سیلاب سے صوبے میں30 لاکھ مکان تباہ ہوئے، کسی جگہ کوئی کچا مکان نہیں بچا، پکے مکان بھی رہنے کے قابل نہیں رہے، سب سے درخواست ہےصبر سے کام لیں، پانی قدرتی گزر گاہوں سے سمندر تک جائے گا۔ وہ وزیراعلیٰ ہاؤس میں پریس کانفرنس سے خطاب کررہے تھے۔
میرا گاؤں بھی منچھر جھیل کے بڑھتے پانی سے زیر آب آ گیا، مراد علی شاہ








