بانی: عبداللہ بٹ      ایڈیٹرانچیف : عاقل جمال بٹ

بانی: عبداللہ بٹ

ایڈیٹرانچیف : عاقل جمال بٹ

بھارت کو شکست، پاکستانی ڈریسنگ روم سے کھلاڑیوں کے جذباتی مناظر وائرل

دبئی(سپورٹس ڈیسک)متحدہ عرب امارات میں جاری ایشیا کپ ٹی ٹوئنٹی ٹورنامنٹ کے سپر فور مرحلے میں پاکستان نے دلچسپ مقابلے کے بعد بھارت کو آخری اوور میں 5 وکٹوں سے شکست دے کر گروپ میچ میں ہار کا حساب برابر کر دیا ۔

میچ کی آخری گیند تک جہاں شائقین کرکٹ کی دل کی دھڑکنیں اوپر نیچے ہوتی رہیں وہیں پاکستانی کرکٹرز بھی ڈریسنگ روم میں سانسیں روکے نظر آئے جس کی ویڈیو پاکستان کرکٹ بورڈ کے اکاؤنٹ سے جاری ہونے کے بعد وائرل ہوگئی۔

شیئر کی گئی ویڈیو سنسنی خیز میچ کے آخری وقت کے دوران کی ہے جس دوران کپتان بابر کو شیشے کے پاس کھڑے پریشان سی صورتحال میں میچ دیکھتے دیکھا جا سکتا ہے، دوسری جانب فاسٹ بولر نسیم شاہ، شاداب اور حارث رؤف بیٹھے منہ پر ہاتھ رکھے میچ دیکھ رہے ہیں۔

پریشانی میں حارث کو شاداب کا کندھا تھامے بھی دیکھا گیا، نسیم شاہ کبھی بیٹھے تو کبھی پریشانی میں حسنین کے ساتھ کھڑے نظر آئے لیکن جو چیز قابل غور ہے وہ جیت پر شاداب کا بچوں کی طرح غیر یقینی سی کیفیت میں اچھلنا ہے۔

جیت کے بعد شاداب خوشی کے مارے اچھلتے دیکھے گئے اور بابر اور دیگر کھلاڑیوں سے جذبات میں گلے ملتے بھی دیکھے گئے۔