اسلام آباد(نیوز ڈیسک )وزیرِ اعظم کی زیرِ صدارت بنی گالہ میں ہونے والے سیاسی کمیٹی کے اہم مشاورتی اجلاس میں سندھ میں گورنر راج نہ لگانے کا فیصلہ کیا گیا۔
اجلاس میں سندھ میں گورنر راج لگانے پر تفصیلی تبادلۂ خیال کیا گیا اور اس حوالے سے مزید مشاورت کرنے کا فیصلہ بھی کیا گیا۔
آرٹیکل 63 اے کی تشریح کیلئے ریفرنس دائر کرنے کا فیصلہ
حکومت کی جانب سے آرٹیکل 63 اے کی تشریح کے لیے سپریم کورٹ میں ریفرنس دائر کرنے کا فیصلہ کر لیا گیا۔
اجلاس میں فیصلہ کیا گیا کہ یہ ریفرنس آرٹیکل 186 کے تحت دائر کیا جائے گا۔
وزیرِ اعظم عمران خان کی صدارت میں بنی گالہ میں ہونے والے سیاسی کمیٹی کے اجلاس میں عدم اعتماد کی تحریک کو ناکام بنانے سے متعلق تبادلۂ خیال بھی کیا گیا۔
وزیرِ اعظم عمران خان نے کہا کہ تحریکِ عدم اعتماد کو ہر صورت ناکام بنایا جائے گا۔
27 مارچ کے جلسے میں بھرپور شرکت کی ہدایت
وزیرِ اعظم عمران خان نے اجلاس میں 27 مارچ کو ڈی چوک میں بھرپور اجتماع کی تیاریوں کی ہدایت کی۔
انہوں نے ہدایت کی کہ تمام ارکانِ اسمبلی اور تنظیمیں بھرپور طریقے سے اجتماع میں شرکت کریں۔
وزیرِ اعظم و وزیرِ داخلہ کی علیحدہ ملاقات ہو گی
ذرائع نے یہ بھی بتایا کہ اجلاس کے بعد وزیرِ اعظم عمران خان سے وزیرِ داخلہ شیخ رشید احمد کی علیحدہ ملاقات بھی ہو گی۔









