بانی: عبداللہ بٹ      ایڈیٹرانچیف : عاقل جمال بٹ

بانی: عبداللہ بٹ

ایڈیٹرانچیف : عاقل جمال بٹ

انفارمیشن بلیک آؤٹ کی شرمناک حرکت کیخلاف ہر سطح پر آواز بلند کی جائے گی، فواد چودھری

اسلام آباد(ممتازنیوز)پاکستان تحریک انصاف کے رہنما وسابق وفاقی وزیراطلاعات فوادچودھری نے کہاہے کہ امپورٹڈ حکومت دستور شکنی اور انسانی حقوق کی پامالی میں بے شرمی کی ہر حد عبور کررہی ہے، سارا دستوری ڈھانچہ ایک جانب رکھ کر پاکستان کو بنانا ریپبلک بنا دیا گیا ہے، ذرائع ابلاغ کے پورے کریک ڈاؤن کے بعد انٹرنیٹ پر یلغار کرکے نئی گراوٹ کا ثبوت دیا گیا ہے۔اپنے بیان میں فواد چودھری نے کہاکہ یوٹیوب اور انٹرنیٹ کی بندش نے ملک میں انفارمیشن ٹیکنالوجی کی پوری صنعت کیلئے تباہی کا گھڑا کھود دیا ہے، انٹرنیٹ پر حکومتی نقب زنی نے پوری ڈیجیٹل دنیا میں نہایت منفی پیغام بھیجا ہے، دنیا بھر سے امپورٹڈ سرکار کی اس شرمناک حرکت پر نہایت تشویش و خدشات کا اظہار سامنے آرہا ہے۔انہوں نے کہاکہ آزادئ اظہار اور اطلاعات تک رسائی جیسے موضوعات پر پاکستان عالمی معاہدوں کا حصہ ہے، پاکستان کے سب سے معتبر، ساکھ کے حامل اور مقبول ترین سیاسی قائد کی آواز گل کرنے کیلئے عالمی معاہدات اور ضوابط سے فرار ممکن نہیں۔ فواد چودھری نے کہاکہ تحریک انصاف پاکستان سے انفارمیشن ٹیکنالوجی کی صنعت کا جنازہ نکالنے کی ہرگز اجازت نہیں دے گی۔انہوں نے کہاکہ انفارمیشن بلیک آؤٹ کی اس شرمناک حرکت کیخلاف ہر سطح پر آواز بلند کی جائے گی۔ فواد چودھری نے کہاکہ ملکی و عالمی صحافتی تنظیموں سے روابط کریں گے اور میڈیا پر تاریخ کی بدترین سنسرشپ عائد کرنے کیخلاف حکمتِ عملی مرتب کریں گے۔ فواد چودھری نے کہاکہ عمران خان اور تحریک انصاف کی تیزی سے بڑھتی ہوئی مقبولیت کے آگے آمریت اور فسطائیت کے باندھے جانے والے بند ٹھہرنے نہیں دیں گے۔انہوں نے کہاکہ تم جتنا عمران خان کی آواز دبانے کی کوشش کرو گے قوم اتنی ہی شدت سے ان کی جانب لپکے گی۔