اسلام آباد(سٹاف رپورٹر) مینجنگ ڈائریکٹر پاکستان بیت المال عامر فدا پراچہ نے کہا ہے کہ ہمیں 6 ارب روپے کے فنڈز فوری درکار ہیں ، وزیراعظم انسانی ہمدردی کی بنیاد پر تعاون کریں ، انسانیت کی خدمت کا مشن جاری رکھنے کے لیئے پاکستان بیت المال کو 6ارب روپے کے فنڈز فوری درکار. ہیں ، پl حکومت میں لنگر خانوں کا بوجھ بھی پاکستان بیت المال پر ڈالا گیا جبکہ لنگر خانوں کے لیئے بجٹ میں رقم مختص نہیں کی گئی ، مستحق مریضوں کے مہنگے علاج معالجے کے لیے صاحب ثروت افراد اور ادارے پی بی ایم کے ساتھ ایم او یو کریں ۔بدھ کو میڈیا سے خصوصی گفتگو کرتے ہوئے عامر فدا پراچہ نے کہا کہ پاکستان بیت المال کے پاس فنڈز کی شدید قلت ہے جس کی وجہ سے بیت المال کا انتظام و انصرام چلانا مشکل ہو چکا ہے اور بے شمار مستحقین فوری معاونت سے محروم ہو رہے ہیں ۔انہوں نے بتایا کہ پی بی ایم نے حکومت کو 12.6ارب روپے فراہم کرنے کی درخواست کی تھی جبکہ حکومت نے تاحال صرف 6 ارب روپے فراہم کیے ہیں جوکہ ناکافی ہیں ۔ فراہم کردہ فنڈزمیں ملازمین کی تنخواہوں اور دیگر اخراجات کی مد میں تین ارب روپے سے زائد خرچ ہو جاتے ہیں۔انہوں نے کہاکہ پاکستان بیت المال ویمن امپاورمنٹ سمیت کئی ادارے چلا رہا ہے ،عمران خان کے دور میں بجٹ نہیں دیا گیا ۔ایم ڈی عامر فدا پراچہ نے بتایا کہ تحریک انصاف نے ”میل آن ویلز ” پراجیکٹ کی ذمہ داری بھی بیت المال کو دی تاہم اس پراجیکٹ کے لیے بھی کوئی رقم نہیں رکھی گئی۔ ”میل آن ویلز ” پراجیکٹ کے لیے ٹرک بیت المال نے لیے ،لنگر خانے بھی بیت المال نے شروع کیے انکے لیے بھی بجٹ نہیں دیا گیا ،اس وقت عمران خان نے کسی بھی پراجیکٹ کے پیسے نہیں رکھے تھے ۔ایک سوال کے جواب میں عامر فدا پراچہ نے کہاہے کہ بیت المال کو درکار اضافی بجٹ کے لیے وفاقی حکومت سے باقاعدہ درخواست کر دی گئی ہے اور توقع ہے کہ حکومت بہت جلد یہ فنڈز فراہم کردے گی ۔انہوں نے بتایاکہ سویٹ ہوم بھی پاکستان بیت المال کا پراجیکٹ ہے جہاں رہائش ، کھانا اور تعلیم سمیت یتیم و بے سہارا بچوں کو دیگر سہولیات فراہم کی جاتی ہیں ۔ان تمام اخراجات کی مد میں تین ارب روپے خرچ ہوتے ہیں ۔انہوں نے کہاکہ سویٹ ہوم میں چار ہزار سے زائد طالب علم ہیں جن کے لیے فرسٹ ائیر کی کلاسز کے اخراجات درکار ہیں۔اسی طرح میڈیکل کالجز اور یونیورسٹی میں ایک لاکھ تک سالانہ وظیفہ بھی دیتے ہیں۔عامر فدا پراچہ نے کہاکہ پاکستان بیت المال مستحق مریضوں کے علاج معالجے میں معاونت بھی فراہم کرتا ہے اور اس ضمن میں فنڈز کی کم یابی کے باعث قوت سماعت سے محروم مریضوں کے امپلانٹ کے 2300 کیسز زیر التوا ء ہیں۔ مینجنگ ڈائریکٹر پاکستان بیت المال عامر فدا پراچہ نے وفاقی حکومت سے فوری فنڈز کے اجراء کی اپیل کرتے ہوئے کہاکہ پاکستان بیت المال سے لاکھوں مستحقین مستفید ہورہے ہیں اس عمل کو جاری رکھنے کے لیے حکومت فوری توجہ دے ۔










