واشنگٹن(انٹرنیشنل ڈیسک) اقوام متحدہ کے ذرائع نےنجی خبررساں ادارے کو بتایا کہ وزیراعظم شہباز شریف کی اپنی کابینہ کے چار ارکان اور دیگر اعلیٰ حکام کے ساتھ 19 ستمبر کو نیویارک میں اقوام متحدہ کی جنرل اسمبلی کے 77ویں اجلاس میں شرکت متوقع ہے۔
وزیراعظم 23 ستمبر کو جنرل اسمبلی سے خطاب کرنے والے ہیں اور اسی شام ان کی پاکستان واپسی متوقع ہے۔
وزیر خارجہ بلاول بھٹو زرداری، وزیر مملکت برائے خارجہ امور حنا ربانی کھر، وزیر دفاع خواجہ محمد آصف اور وفاقی وزیر برائے نشریات و اطلاعات مریم اورنگزیب بھی وزیراعظم کے ہمراہ ہوں گی۔
وفد میں سیکرٹری خارجہ اور وزارت خارجہ اور دیگر محکموں کے اعلیٰ حکام بھی شامل ہوں گے۔
وزیر خارجہ اور محترمہ کھر امریکی حکام کے ساتھ دو طرفہ ملاقاتوں کے لیے 25 ستمبر کو واشنگٹن جائیں گے۔ ان کا 27 ستمبر تک امریکی دارالحکومت میں قیام متوقع ہے۔
اگرچہ اقوام متحدہ کے دورے کی اپنی اہمیت ہے، وزیر اعظم کے ایجنڈے پر ایک اہم آئٹم — امریکی صدر جو بائیڈن کے ساتھ دو طرفہ ملاقات — ابھی تک غیر طے شدہ ہے۔
اس سال کی جنرل اسمبلی خاص طور پر اہم ہے کیونکہ یہ 2019 کے بعد اقوام متحدہ میں عالمی رہنماؤں کی پہلی ذاتی ملاقات ہوگی۔ 2020 اور 2021 کے سیشن کووڈ 19 کی وبا کی وجہ سے ورچوئل میٹنگز میں تبدیل کر دیا گیا تھا۔
وزیراعظم شہباز شریف کی نیویارک پہنچنے کے ایک دن بعد 20 ستمبر کو اقوام متحدہ کی جنرل اسمبلی کے افتتاحی اجلاس میں شرکت متوقع ہے۔ اسی دن، وہ تعلیمی اصلاحات پر ایک سربراہی اجلاس سے خطاب کریں گے، جس میں اس بات پر بھی غور کیا جائے گا کہ تعلیم پر وبائی امراض کے منفی اثرات سے کیسے نمٹا جائے۔
وزیراعظم غذائی عدم تحفظ اور موسمیاتی تبدیلی سے متعلق مزید دو اجلاسوں میں شرکت کریں گے۔









