بانی: عبداللہ بٹ      ایڈیٹرانچیف : عاقل جمال بٹ

بانی: عبداللہ بٹ

ایڈیٹرانچیف : عاقل جمال بٹ

ملک میں سیاسی استحکام کیلئے واحد حل فوری انتخابات کا اعلان ہے،شاہ محمود قریشی

ملتان(مقبول حسین) پاکستان تحریک انصاف کے وائس چیئرمین مخدوم شاہ محمود قریشی نے کہا ہے کہ ملکی تاریخ میں مہنگائی ریکارڈ حدوں کو چھو رہی ہے۔ پی پی‘ ن لیگ اور پی ڈی ایم میں شامل تمام جماعتیں مہنگائی اورملکی بحران کی ذمہ دار ہیں۔ امپورٹڈ حکمران اپنی ناکامی اور نااہلی کا ملبہ دوسروں پر گرا کر موجودہ ملکی حالات سے بری الزمہ نہیں ہوسکتے۔ عوام تحریک انصاف کے ساڑھے تین سالہ دور اور امپورٹڈ حکمرانوں کے 5 ماہ کی مہنگائی کا موازنہ کریں۔ پنجاب اور سندھ کی عوام نے امپورٹڈ حکمرانوں کو ضمنی انتخابات میں مسترد کیا۔ عوام بڑھتی ہوئی مہنگائی کا غصہ 16اکتوبرکو بیلٹ پیپر پر تیر کو مسترد کرکے نکالیں گے۔ ان خیالات کا اظہار انہوں نے گزشتہ روز این اے 157 کے ضمنی انتخاب کے حوالے سے مختلف یونین کونسلوں میں کارنر میٹنگ سے خطاب کرتے ہوئے کیا۔ انہوں نے کہا ملک میں سیاسی عدم استحکام کی وجہ سے معیشت روز بروز گر رہی ہے۔ ملک میں سیاسی استحکام کیلئے واحد حل فوری انتخابات کا اعلان ہے۔ اگر انتشار سے بچنا ہے تو انتخابات کی طرف جانا ہوگاورنہ ملکی حالات روز بروز بگڑتے جائیں گے اور قابومیں آنا مشکل ہو جائیں گے۔ اور حالات کی ذمہ داری امپورٹڈ حکمرانوں پر ہوگی۔ انہوں نے کہا اس بات میں کوئی دو رائے نہیں ہے کہ حکومت لڑکھڑا رہی ہے۔ ہچکچلوں میں ہے۔ چند دن کی مہمان ہے انہیں گھر جانا ہوگا۔ انہوں نے کہا عمران خان ملک بچانے کیلئے نکلے ہیں۔ پی ڈی ایم اپنی سیاست بچانے اور اقتدار کو طول دینے کے چکر میں ہے۔ 5 ماہ میں معیشت سدھرنے کی بجائے روز بروز بگڑ رہی ہے۔ برآمدات میں کمی ہو گئی ہے۔ روپے کی قدر گر رہی ہے۔ ڈالر کی قیمت بڑھ رہی ہے۔ حکومت صرف بیان بازی تک محدود ہے۔ معیشت ان کے کنٹرول میں نہیں اور نہ ہی ان کے پاس معیشت سدھارنے کیلئے کوئی منصوبہ بندی ہے۔ نا اہل اور امپورٹڈ حکمرانوں کے پاس منصوبہ بندی کا فقدان ہے۔ ایسا لگتا ہے یہ لوگ دیہاڑی پر حکومت چلا رہے ہیں۔ انہوں نے کہا پی پی ن لیگ نے ماضی میں ملک کو لوٹا۔ عوام اس مرتبہ ان کے جھانسے میں نہیں آئیں گے۔ عوام نے انہیں 2018ء میں بھی انہیں مسترد کیا۔ ضمنی انتخابات میں بھی انہیں مستردکیا۔ رجیم چینج اور سازش کے ذریعے اقتدارمیں آئے۔ عوام نے انہیں مسترد کیا اس کے باوجود اقتدار اور کرسی پر زبردستی چمٹے بیٹھے ہیں۔ 13جماعتیں ملکر بھی عمران خان اور تحریک انصاف کو شکست نہیں دیں سکتیں۔ انہوں نے کہا این اے 157 کے ضمنی انتخاب میں یقینی شکست دیکھ کر پی ڈی ایم نے الیکشن ملتوی کروایا۔ ان کو الیکشن سے راہ فرار نہیں ہونے دیں گے۔ لوٹے اور لٹیروں کا ہر میدان میں مقابلہ کریں گے۔ این اے 157 کا ضمنی انتخاب 16اکتوبر کو ہوا یا جب بھی ہوا عوام نے فیصلہ کرلیا ہے بلے پر ٹھپہ لگانا ہے۔ بلے کو کامیاب کرنا ہے۔ 16اکتوبر کو ملتان سمیت جہاں جہاں ضمنی انتخاب ہونگے بلا چلے گا۔ پی ڈی ایم کو شکست کا سامنا کرنا ہوگا۔انہوں نے کہا تحریک انصاف کی مقبولیت اس وقت عروج پر ہے۔ ملکی تاریخ میں عموماً یہ ہوتا ہے اقتدار سے ہٹنے کے بعد اس جماعت کی مقبولیت میں کمی ہو جاتی ہے۔ پاکستان کی تاریخ میں عمران خان کی قیادت اور تحریک انصاف واحد جماعت ہے جس کی مقبولیت اقتدار کے ختم ہونے کے بعد کم ہونے کی بجائے بڑھی ہے۔ اس کی وجہ یہی ہے پاکستان کے عوام پی پی ن لیگ کی قیادت کی کرپشن کی وجہ سے ان سے متنفر ہو چکے ہیں۔ دونوں جماعتیں چالیس سال سے زیادہ اقتدار میں رہیں۔ دونوں نے باریوں کی سیاست کی۔ عمران خان نے 22سالہ سیاسی جدوجہد کے بعد دونوں جماعتوں کے جمود کو توڑا اور باریوں کی سیاست کو ختم کیا۔ عمران خان سے قبل پاکستان کی عوام کے پاس حقیقی قیادت نہیں تھی ۔ اب انہیں عمران خان کی شکل میں ایک حقیقی اور ایماندار قیادت میسر آگئی ہے۔ پاکستان کی عوام جانتے ہیں عمران خان واحد قیادت ہیں۔ جو ایماندار اور مخلص قیادت ہیں۔ جو پاکستان کو تمام بحرانوں سے نکالنے کی صلاحیت رکھتے ہیں۔ اور اب عوام کی امیدوں کا واحد مرکز عمران خان کی قیادت ہے اور پورا پاکستان عمران خان کی طرف دیکھ رہاہے۔ قبل ازیں مخدوم شاہ محمودقریشی این اے 157 کی انتخابی مہم کیلئے مختلف یونین کونسلوں میں گئے جہاں انہوں نے یونین کونسل کے نمائندہ اجتماعات میں پی ٹی آئی چیئرمین عمران خان کا پیغام پہنچایا اور پی ٹی آئی امیدوار کی کامیابی کیلئے درخواست کی۔ اس موقع پر اہلیان علاقہ نے پی ٹی آئی امیدوار کی بھر پور حمایت کا اعلان کیا۔ اس موقع پر سابق وزیر مملکت ملک عامر ڈوگر‘ ملک عدنان ڈوگر‘ ملک شہزاد انجم‘ ملک نیاز بھٹہ‘مخدوم شعیب اکمل ہاشمی‘ محتشم نقوی ودیگر شخصیات موجود تھے۔