اسلام آباد(ممتازنیوز) سعودی فنڈ فار ڈیولپمنٹ (ایس ڈی ایف) نے پاکستان کو دی گئی 3 ارب ڈالر ڈپازٹ کی سہولت میں توسیع کی تصدیق کردی۔
اسٹیٹ بینک آف پاکستان (ایس بی پی) کی جانب سے ٹوئٹر پر جاری بیان کے مطابق 3 ارب ڈالر کی رقم 5 دسمبر 2022 کو واپس کرنا تھی، جسے ایک سال کے لیے بڑھا دیا ہے۔
ایس بی پی کا کہنا تھا کہ یہ ڈپازٹس اسٹیٹ بینک آف پاکستان کے پاس رکھے جاتے ہیں ، اور یہ غیر ملکی زرمبادلہ کا حصہ ہوتے ہیں۔
مزید بتایا گیا کہ یہ سعودی عرب اور پاکستان کے درمیان مسلسل مضبوط اور خصوصی تعلقات کی عکاسی کرتا ہے۔
خیال رہے کہ 24 مئی 2022 کو سعودی عرب کے وزیرخزانہ محمد الجدعان نے کہا تھا کہ پاکستان کو دی گئی 3 ارب ڈالر کی سہولت میں توسیع کو حتمی شکل دی جارہی ہے۔
ڈیووس میں جاری ورلڈ اکنامک فورم کے اجلاس کے دوران غیررسمی ملاقات میں سعودی عرب کے وزیرخزانہ محمد الجدعان نے کہا تھا کہ ‘ہم اس وقت پاکستان کو 3 ارب ڈالر ڈپازٹ میں توسیع کو حتمی شکل دے رہے ہیں’۔
سعودی عرب نے گزشتہ برس پاکستان کے اسٹیٹ بینک میں 3 ارب ڈالر ڈپازٹ کیے تھے تاکہ پاکستان کے قومی ذخائر میں مدد ملے۔
سعودی عرب کے وزیرخزانہ نے اس حوالے سے مزید تفصیلات نہیں بتائی تھیں تاہم یکم مئی کو دونوں ممالک نے ایک مشترکہ بیان میں کہا تھا کہ وہ ڈپازٹ میں توسیع کے لیے شرائط یا دوسرے ذرائع کے ذریعے تعاون کے امکانات پر تبادلہ خیال کریں گے۔
محمد الجدعان نے کہا تھا کہ پاکستان ایک اہم اتحادی ہے اور سعودی عرب پاکستان کے ساتھ کھڑا ہوگا۔
واضح رہے کہ آئی ایم ایف سے قرضے کی قسط ملنے کے باوجود پاکستانی کرنسی کی قدر میں مسلسل کمی ہو رہی ہے۔
سعودی عرب نے پاکستان کو حاصل 3 ارب ڈالر کی سہولت میں توسیع کی تصدیق کردی








