بانی: عبداللہ بٹ      ایڈیٹرانچیف : عاقل جمال بٹ

بانی: عبداللہ بٹ

ایڈیٹرانچیف : عاقل جمال بٹ

وزیراعظم کو مشورہ دیا سندھ میں گورنر راج کا سوال ہی پیدا نہیں ہوتا،اٹارنی جنرل

اسلام آباد(مانیٹرنگ ڈیسک )اٹارنی جنرل پاکستان خالد جاوید خان نے کہا ہے کہ وزیراعظم عمران خان کو مشورہ دیا کہ گورنر راج کے نفاذ کی کوئی صورتحال نہیں۔نجی ٹی وی سے گفتگو میں اٹارنی جنرل نے کہا کہ وزیراعظم کومشورہ دیا ہے کہ سندھ میں گورنر راج بالکل نہیں ہوناچاہیے، گورنر راج کے نفاذ کا سوال ہی پیدا نہیں ہوتا، ایسی کوئی صورتحال نہیں۔انہوں نے کہا کہ آرٹیکل63 اےکی تشریح کےلیے ریفرنس پیرکو سپریم کورٹ میں داخل کیا جائےگا، وفاداری تبدیل کرنا اعتماد توڑنا ہے، جرم سے پہلےجرم کو روکا جائے، ریفرنس میں 63 اے سے متعلق 2 بنیادی سوالات پر عدالت کی رائےمانگی جائے گی کہ ہارس ٹریڈنگ کے خاتمے اور چندارکان اسمبلی کی بلیک میلنگ سے سیاسی جماعتیں کیسےنکلیں؟ موجودہ آئینی اسکیم میں رہتے ہوئے وفاداری تبدیل کرنےکوکیسےروکا جاسکتا ہے؟عدالتی رائے تک ریفرنس کوبنیادبناکر اسپیکر کی جانب سے عدم اعتمادکی کارروائی روکنے کے سوال پر اٹارنی جنرل نے کہاکہ اسپیکر نے اس سے متعلق ان سے کوئی رائے نہیں مانگی۔

اٹارنی جنرل آف پاکستان خالد جاوید خان کا کہنا ہے کہ فلور کراسنگ پر رکن قومی اسمبلی ڈی سیٹ ہوجاتا ہے، سوال یہ ہے کہ اس کے ڈالے گئے ووٹ کی حیثیت کیا ہے؟اٹارنی جنرل کا کہنا ہے کہ دو تین اہم سوالات ہیں جس پر سپریم کورٹ کی رہنمائی چاہتے ہیں، بنیادی سوال یہ ہے کہ ووٹ کاسٹ ہو اور ووٹ دینے والے کی رکنیت ختم ہوجائے تو اس کے ووٹ کی حثیت کیا ہے ؟اٹارنی جنرل خالد جاوید نے کہا کہ سوال یہ بھی ہے کہ فلور کراسنگ پر رکن قومی اسمبلی صادق اور امین رہے گا؟خیال رہےکہ اپوزیشن کی جانب سے وزیراعظم عمران خان کیخلاف جمع کرائی جانے والی تحریک عدم اعتماد پر جلد ووٹنگ کا امکان ہے۔ حکومتی اراکین بھی مبینہ طور پر اپوزیشن کے ساتھ ہیں اور وزیراعظم کیخلاف ووٹ ڈالنا چاہتے ہیں جس پر پی ٹی آئی اپنے منحرف ارکان کیخلاف کارروائی کا عندیہ دے چکی ہے۔