بانی: عبداللہ بٹ      ایڈیٹرانچیف : عاقل جمال بٹ

بانی: عبداللہ بٹ

ایڈیٹرانچیف : عاقل جمال بٹ

بھارت جاپان وزرائے اعظم کی ملاقات کاعلامیہ،پاکستان کو دہشت گردوں کے خلاف کارروائی کا بھاشن

نئی دہلی(ممتاز رپورٹ) بھارتی وزیراعظم نریندر مودی سے جاپانی ہم منصب فومیو کشیدو کی ملاقات کے بعد جاری کئے گئے مشترکہ اعلامیے میں پاکستان پر دہشت گردوں کی موجودگی کاروایتی الزام دہراتے ہوئے مطالبہ کیا گیا کہ پاکستان اپنی سرزمین پر سرگرم دہشت گرد تنظیموں پر بھرپور کارروائی کرے اور فنانشل ایکشن ٹاسک فورس(ایف اے ٹی ایف) سے کئے گئے وعدوں سمیت تمام عالمی وعدوں کو نبھائے ۔”کورونا وائرس کے بعد پر امن ،مستحکم اور خوشحال دنیا “کے نام سے جاری مشترکہ اعلامیہ میں تمام ملکوں پر زوردیا گیا کہ دہشت گردوں کے محفوظ ٹھکانوں اور انفراسٹرکچر کے خاتمے ،نیٹ ورک توڑنے اور ان کے مالی وسائل کو ختم کرنے کےلئے مل کر کام کریں ۔اعلامیہ میں بھارت اور جاپان نے کثیر الجہتی فورمز پر انسداد دہشت گردی کی کوششیں تیز کرنے پر زوردیا ۔دونوں وزرائے اعظم نے دہشت گردی کے بڑھتے خطرے پر تشویش ظاہر کرتے ہوئے دہشت گردی سے جامع اور پائیدار بنیادوں پر نمٹنے کےلئے عالمی تعاون مضبوط بنانے پرزوردیا۔اعلامیہ میں کہا گیا کہ تمام ملکوں کو یہ یقینی بنانا چاہیے کہ ان کی سرزمین دہشت گردوں کے حملوں کےلئے استعمال نہ ہو اور وہ ایسے حملوں میں ملوث عناصر کو فوری انصاف کے کٹہرے میں لائیں ۔ اعلامیہ میں ممبئی اور پٹھانکوٹ حملوں سمیت بھارت میں دہشت گردی کے واقعات کی ؐمذمت کرتے ہوئے پاکستان پر زوردیا گیا کہ اپنی سرزمین پر سرگرم دہشت گرد تنظیموں کے خلاف کارروائی کرے اور فیٹف کی شرائط سمیت تمام عالمی وعدوں کی پاسداری کرے ۔