اسلام آباد(ممتازنیوز) پاکستان تحریک انصاف (پی ٹی آئی) کے رہنما اسد عمر نے کہا ہے کہ ہفتے کو عمران خان بڑا اعلان کرنے والے ہیں۔
نجی ٹی وی سے گفتگو کرتے ہوئے اسد عمر نے کہا کہ توہین عدالت کیس میں عمران خان کو آج اپنی بات کہنے کا موقع ملا ہے۔
انہوں نے کہا کہ ہفتے کو عمران خان بڑا اعلان کرنے والے ہیں، مہنگائی کیخلاف ایک بہت بڑا احتجاج ہونے جارہا ہے۔
دوسری جانب پی ٹی آئی کے رہنما فیصل جاوید نے اسلام آباد ہائی کورٹ میں میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے کہا کہ عمران خان عدلیہ کا احترام کرتے ہیں جس کا مظاہرہ انہوں نے آج کیا۔
فیصل جاوید نے کہا کہ 2008 میں انہوں نے عدلیہ کی بحالی کے لیے الیکشن کا بائکاٹ کیا تھا، عمران خان نے ججز کی خاطر جیل بھی کاٹی، انہوں نے ہمیشہ قانون کی عمل درآمد اور عدلیہ کا احترام کیا ہے۔
انہوں نے کہا کہ عدلیہ کا فیصلہ عمران خان کے حق میں آنے کی امید ہے، عمران خان کا جینا مرنا پاکستان کے حق میں ہے، قوم تیاری کرے عمران خان وزیر اعظم کا حلف اٹھانے جا رہے ہیں۔
پی ٹی آئی کے رہنما نے کہا کہ کیا عمران خان نے معافی مانگ کر غلط کیا ہے؟ آج معافی مانگ کر عمران خان نے عدلیہ کا احترام کیا ہے۔
فیصل جاوید نے کہا کہ تمام مسائل کا حل ہی فوری الیکشن ہے، ہم صاف و شفاف انتخابات چاہتے ہیں، پی ڈی ایم اسمبلی کے اندر اقلیتی پارٹی ہے اقلیتی پارٹیوں کی حکومت غیر جمہوری ہے۔
پی ٹی آئی کے رہنما نے مزید کہا کہ ہمارا احتجاج پرامن ہے، سیلاب کیلئے صرف عمران خان ہی کام کررہے ہیں۔









