بانی: عبداللہ بٹ      ایڈیٹرانچیف : عاقل جمال بٹ

بانی: عبداللہ بٹ

ایڈیٹرانچیف : عاقل جمال بٹ

مزید بارشوں کا امکان، پی ڈی ایم اے نے الرٹ جاری کر دیا

اسلام آباد(مانیٹرنگ ڈیسک) ملک کے بیشتر اضلاع مزید بارشوں کا امکان بتایا جارہا ہے جس کے پیش نظر پی ڈی ایم اے نے الرٹ جاری کر دیا ہے۔

نیشنل ڈیزاسٹر مینجمنٹ اتھارٹی (این ڈی ایم اے) کا کہنا ہے کہ محکمہ موسمیات کے مطابق آئندہ 72 گھنٹوں کے دوران دریائے ستلج کے بالائی کیچمنٹ میں شدید بارش کی توقع ہے۔

پی ڈی ایم اے نے بتایا کہ دریائے ستلج کے بالائی کیچمنٹ میں تیز ہواؤں اور گرج چمک کے ساتھ موسلادھار بارش کا امکان ہے۔

پی ڈی ایم اے کے مطابق دریائے سندھ، جہلم، چناب اور راوی کے بالائی علاقوں میں تیز ہواؤں کے ساتھ ہلکی بارش کا امکان ہے جبکہ دریاؤں سے منسلک ندی نالوں میں پانی کی سطح بلند ہو سکتی ہے۔

پی ڈی ایم اے نے بتایا کہ لاہور، راولپنڈی، سرگودھا، گوجرانوالہ، فیصل آباد اور ساہیوال ڈویژن میں بارش کا امکان ہے۔

پی ڈی ایم اے کا مزید کہنا ہے کہ تمام اضلاع ہنگامی صورتحال سے نمٹنے کے لیے ہمہ وقت تیار رہیں، ضلعی انتظامیہ جانی و مالی نقصانات سے بچنے کے لیے بروقت ضروری اقدامات مکمل کریں۔

پاکستان میں مزید بارشوں اور سیلاب کا خدشہ، اقوام متحدہ نے خبردار کردیا

چند ہفتے قبل اقوام متحدہ نے پاکستان میں مزید بارشوں اور سیلاب کے خدشے کے پیش نظر خبردار کردیا تھا۔

پاکستان میں آنے والے مہینوں میں مزید بارش کی توقع ہے جب کہ اقوام متحدہ نے متوقع بارشوں سے ابتر سیلابی حالات بدترین ہونے کا خدشہ ظاہر کر دیا تھا۔

اقوام متحدہ کے ادارہ برائے پناہ گزین کی رپورٹ کے مطابق  پاکستان میں آئندہ مہینوں میں مزید بارشیں ہونے کے امکانات ہیں۔

رپورٹ میں خدشہ ظاہر کیا گیا کہ سیلاب سے متاثرین کے حالات مزید خراب ہوجائیں گے۔ مزید بارشیں لاکھوں سیلاب متاثرین کی مشکلات بڑھا دیں گی۔