بانی: عبداللہ بٹ      ایڈیٹرانچیف : عاقل جمال بٹ

بانی: عبداللہ بٹ

ایڈیٹرانچیف : عاقل جمال بٹ

اچھی بھلی مستحکم ہوتی معیشت کو تباہی کے گھڑے میں اتار دیا گیا، عمران خان

اسلام آباد(ممتاز نیوز)پاکستان تحریک انصاف کے چیئرمین وسابق وزیراعظم عمران خان نے کہا کہ تیزی سے تباہ ہوتی معیشت اور گھمبیر ہوتا سیاسی عدمِ استحکام سمت کی فوری درستگی کا متقاضی ہے، مجرموں کو این آر او دوم دیکر ملک و قوم کے ساتھ سنگین اور مجرمانہ مذاق کیا گیا،قوم کے لوٹے گئے 11 سو ارب ہضم کرنے کی شرمناک اجازت دی جا رہی ہے، جس مجرم کو نجات دہندہ کہہ رہے ہیں وہ 20 ارب کا خسارہ چھوڑ کر گیا ،اچھی بھلی مستحکم ہوتی معیشت کو تنبیہ کے باوجود تباہی کے گھڑے میں اتار دیا گیا۔
تفصیلات کے مطابق چیئرمین پاکستان تحریک انصاف عمران خان کی زیر صدارت پاکستان تحریک انصاف کے اراکینِ سینٹ کا اہم ترین اجلاس ہوا۔اجلا س میں اراکینِ سینٹ کی جانب سے ملک میں انسانی حقوق کی بہیمانہ خلاف ورزیوں اور میڈیا پر بے جا پابندیوں پر گہری تشویش کا اظہار کیا گیا اورسیاسی مخالفین کیخلاف انتقامی کاروائیوں خصوصاً سینیٹر سیف اللہ خان نیازی کی رہائشگاہ پر چھاپے کی شدید مذمت کی گئی ۔
ایوانِ بالا کی کمیٹیوں میں انسانی حقوق کی خلاف ورزیوں، میڈیا پر بندشوں اور انتقامی کارروائیوں سے متعلق زیرِغور معاملات پر بھی خصوصی گفتگو کی گئی ۔ اجلاس میں ملکی مجموعی سیاسی صورتحال اور معیشت کی تباہی پر بھی تفصیلی تبادلۂ خیال کیا گیا۔
اراکینِ سینٹ کی جانب سے نیب قانون میں ترمیم کے بعد ملک کے کرپٹ ترین کرداروں کو ملنے والے این آر او اور چوروں کو ملنے والی چھوٹ پر بھی گہری تشویش کا اظہار کیا گیا،
ایوانِ بالا میں پاکستان تحریک انصاف کی پارلیمانی پارٹی کی آئندہ کی حکمتِ عملی پر بھی مفصل بات چیت ہوئی ۔
ملاقات میں سیلاب کی تباہ کاریوں کے باوجود وزیراعظم کی سربراہی میں وزیروں کی بیرونِ ملک سیر اور پُرتعیش اخراجات کا بھی مفصل جائزہ لیا گیا ۔
حقیقی آزادی کی تحریک کے فیصلہ کن مرحلے کی تیاریوں کے حوالے سے اہم امور پر بھی تفصیلی تبادلۂ خیال ہوا،
سندھ میں سیلاب متاثرین کی کسمپرسی اور سندھ حکومت کی جانب سے ان کی مدد میں ناکامی پر بھی شدید تشویش کا اظہارکیا گیا۔
بدترین مہنگائی، معاشی تباہی، سیاسی کارکنان کیخلاف خفیہ و اعلانیہ انتقامی کارروائیوں اور میڈیا پر بندشوں کو معاملات پوری قوت سے ایوان میں اٹھانے پر اتفاق کیا گیا۔
چیئرمین پی ٹی آئی عمران خان نے کہا کہ تیزی سے تباہ ہوتی معیشت اور گھمبیر ہوتا سیاسی عدمِ استحکام سمت کی فوری درستگی کا متقاضی ہے، مجرموں کو این آر او دوم دیکر ملک و قوم کے ساتھ سنگین اور مجرمانہ مذاق کیا گیا۔انہوں نے کہا کہ قوم کے لوٹے گئے 11 سو ارب ہضم کرنے کی شرمناک اجازت دی جا رہی ہے، جس مجرم کو نجات دہندہ کہہ رہے ہیں وہ 20 ارب کا خسارہ چھوڑ کر گیا ،عمران خان نے کہا کہ غیریقینی کی کیفیت معیشت کیلئے زہرِقاتل ہے، انتخاب کے اعلان سے اس کا تدارک ہوگا، ملک میں کروڑوں پاکستانی سیلاب جیسی آفت میں گھِرے ہیں، کرائم منسٹر وزیروں سمیت قوم کا پیسہ عیاشیوں میں اڑا رہا ہے، مجرموں کو کسی طور قبول کرنے کو تیار ہوں نہ ہی قوم کرے گی۔چیئرمین پی ٹی آئی نے کہا کہ قائدین پوری یکسوئی سے تیاری کریں، کٹھ پتلیوں اور سازش کاروں کو مزید تباہی کی بھینٹ چڑھانے کی اجازت نہیں دیں گے، جدوجہدفیصلہ کن مرحلےمیں داخل ہوچکی ہے، اپنی حقیقی آزادی اورخودمختاری کےتحفظ کیلئے فیصلہ کن کال دوں گا۔انہوں نے کہا کہ کل رحیم یار خان میں اہم خطاب کروں گا۔