اسلام آباد(ممتازنیوز) وفاقی حکومت صدر مملکت ڈاکٹر عارف علوی کے پارلیمنٹ کے مشترکہ اجلاس سے خطاب پر رضا مند ہوگئی۔ سپیکر قومی اسمبلی راجا پرویز اشرف کے تحفظات بھی دور ہوگئے۔ پارلیمانی ذرائع کے مطابق صدر مملکت کو پارلیمنٹ کے مشترکہ اجلاس سے خطاب کیلئے باضابطہ مدعو کردیا گیا ہے۔وفاقی حکومت، اتحادی جماعتوں اور سپیکر آفس میں طویل مشاورت ہوئی۔صدر مملکت کا مشترکہ اجلاس سے خطاب نئے پارلیمانی سال کے لئے ضروری ہے۔حکومت پہلے صدر مملکت کے خطاب کے سوا دیگر آپشنز پر غور کررہی تھی۔پارلیمانی ذرائع کا مزید کہنا ہے کہ وفاقی مخلوط حکومت کو صدر کی جانب سے سیاسی تناظر میں الفاظ کے استعمال پر شبہ تھا۔وفاقی حکومت صدر مملکت کو تحریری جبکہ صدر مملکت فی البدیہ خطاب کے آپشنز پر غور کررہے تھے۔قومی اسمبلی کے آئینی و قانونی ماہرین نے وفاقی حکومت کو حکمت عملی سے آگاہ اور خطاب بارے قائل کیا۔مشترکہ اجلاس کی تاریخ میں اسی خاطر بار بار تبدیل پوتی رہی۔پارلیمنٹ کا مشترکہ اجلاس 20 اکتوبر 2022ء کو شیڈول ہے۔سپیکر قومی اسمبلی نے اپنے اختیارات استعمال کرتے ہوئے اجلاس کو 22 ستمبر کی بجائے 20 اکتوبر کو طلب کیا۔
پارلیمنٹ کا مشترکہ اجلاس : وفاقی حکومت صدر مملکت کےخطاب پر رضا مند








