فیصل آبا د ( معظم رندھاوا )پنجاب کے سینئر وزیرمیاں محمداسلم اقبال نےکہاکہ وطن عزیز اس وقت انتہائی مشکل دور سے گزررہاہے ،ملک کوموجودہ صورتحال سے نکالنے کےلیے ہم سب کومن حیث القوم حب الوطنی کے اسی جذبہ کو اجاگر کرنا ہوگاجسکامظاہرہ 1947 میں تاجروں نے تحریک اور قیام پاکستان کے دوران کیاتھا، قانون کی بالادستی کے بغیروطن عزیز کو موجودہ تشویشناک صورتحال سے نہیں نکالا جاسکتا،ہفتہ کو آل پاکستان بیڈ شیٹس اینڈ اپ ہولسٹری مینو فیکچررز ایسوسی ایشن کے سالانہ اجلاس سے خطاب کرتےان کاکہناتھاکہ پائیدار و مضبوط معیشت کیلئے بزنس کمیونٹی کومشاورت کے عمل میں شامل کر ناہوگاتاکہ برآمدات اور ترسیلات زر کو بڑھا کے مہنگائی پر مستقل بنیادوں پر قابو پایا جا سکے ایس ایم ای سیکٹر کے مسائل کو حل کرانے کیلئے اپنے بھر پور تعاون کا یقین دلاتے ہوئے انہوں نے ملک میں ایس ایم ایزکے سب سے بڑے ادارے ایپبوما کوفیڈمک کے نئے بورڈ میں نمائندگی دینے کا بھی اعلان کیا ان کا کہنا تھا کہ تین چار سال قبل ٹیکسٹائل کا شعبہ بد ترین بحران کا شکار تھا اور پاور لومز کباڑ کے بھائو بک رہی تھیں تاہم اپوزیشن میں ہونے کے باوجودپاکستان تحریک انصاف کی حکومت نے متعلقہ سٹیک ہولڈرز کی مشاورت سے جامع ٹیکسٹائل پالیسی دی جس میں صنعتی عمل کو تیز کرنے کیلئے گیس اور بجلی کے نرخوں کا تعین کیا جس سے صنعتوں کی مسابقتی قوت میں اضافہ ہوا اور معاشی بد حال کا شکار یہ شعبہ دوبارہ ترقی کی راہ پر چڑھ گیااور ہمارے برآمد کنندگان نے خوب ترقی کی لیکن آج بجلی گیس کی قیمتوں میں عدم استحکام کی وجہ سے پھرسے صنعتکارفیکٹریاں بند کرنے پر مجبورہیں وزیرمیاں محمداسلم اقبال نے ملک میں سیلاب سے ہونیوالے جانی و مالی نقصان پر گہرے دکھ کا اظہار کرتے ہوئے ایپبوما، چیمبر آف کامرس سمیت متاثرین کی مدد کرنے پر فیصل آبادکے تاجروں ، صنعتکاروں، ایکسپورٹروں کو خراج تحسین پیش کیا۔ایپبوما کے چیئرمین عارف احسان ملک نے فیڈمک کے نئے بورڈ میں نمائندگی دینے پر سینئر وزیرمیاں محمداسلم اقبال کا شکریہ اداکیااور حکومت پرزوردیاکہ تمام پالیسی ساز اداروں میں ان کی تنظیم کو نمائندگی دی جائے تاکہ ملک میں ایس ایم ای سیکٹر کی جامع اور تیز رفتار ترقی کیلئے اپنا کردارادا کر سکے ایس ایم ای سیکٹر کی اہمیت کا ذکر کرتے ہوئے انہوں نے کہا کہ یہ شعبہ زر مبادلہ کمانے اورروزگار مہیا کرنے میں اہم کردار ادا کر رہا ہے حکومت کو اس سیکٹر کی حوصلہ افزائی کرنا ہو گی۔فیصل آباد چیمبر آف کامرس اینڈانڈسٹری کے صدر عاطف منیر شیخ نے کہا کہ فیصل آباد چیمبر پورے شہر کی صنعتی، تجارتی اور کاروباری تنظیموں کا مشترکہ پلیٹ فارم ہے ۔ وہ بطور صدر تمام سیکٹرز کو ساتھ لے کر چلیںہیں ۔ انہوں نے بتایا کہ ٹیکسٹائل سیکٹر زیرو ریٹ سکیم کے تحت چل رہا تھا۔ مگر اس پر 17فیصد سیل ٹیکس عائد کر دیا گیا ۔ یہ صورتحال تھوڑے سرمایے سے کاروبار کرنے والوں کیلئے انتہائی پریشان کن ہے۔ انہوں نے کہا کہ صرف برآمدات بڑھا کر ہی ہم ملک کو قرضوں کے چکر سے نکال سکتے ہیں تقریب کے اختتام پر عارف احسان ملک نے سینئر وزیرمیاں محمداسلم اقبال کوشیلڈ پیش کی










