بانی: عبداللہ بٹ      ایڈیٹرانچیف : عاقل جمال بٹ

بانی: عبداللہ بٹ

ایڈیٹرانچیف : عاقل جمال بٹ

وزیر اعظم شہباز شریف کی مبینہ آڈیو ٹیپ سامنے آگئی

اسلام آ باد ( نیو زڈیسک) وزیراعظم شہباز شریف کی مریم نوا ز کے داماد سے متعلق گفتگو کی مبینہ آڈیو ٹیپ سامنے آگئی ہے جس میں ایک شخص سے گفتگو میں مبینہ طور پر شہباز شریف کو بتایا جارہا ہےکہ مریم نواز اپنے داماد کیلئے بھارت سے پاور پلانٹ درآمد کرنے کا کہہ رہی ہیں۔

اس پر مبینہ طور پر شہباز شریف جواب دیتے ہیں وہ ہمارے داماد ہیں آپ ان کو ایشوز بتا دیں، پلانٹ بھارت سے آدھا آگيا ہے، وہ مانتے ہیں کہ یہ ایشو گلے پڑ جائے گا یہ ایشو ای سی سی میں جائے گا کابینہ میں جائے گا آپ ان سے بات کریں پھر میں انہیں خود سمجھا دوں گا۔

اس پر دوسرا شخص شہباز شریف کو مشورہ دیتا ہے کہ یہ کام اسحاق ڈار سے کروالیں وہ سمجھا دیں گے۔

شہباز شریف کہتے ہیں ٹھیک ہے ایسے کرلیں۔

اس شخص نے کہا کہ دوسرا کام گرڈ اسٹیشن کا ہے اتحاد پارک میں بننا ہے۔

وزیر اعظم پوچھتے ہیں کہ یہ اتحاد پارک کیا ہے تو انہیں بتایا جاتا ہے کہ ہاؤسنگ سوسائٹی ہو گی وہاں گرڈ اسٹیشن بننا ہے لیکن وہ معمول کا کام ہے سب کراتے ہیں۔

وزیر اعظم نے جواب دیا کہ کام نیچرل وے میں ہونا چاہیے۔