نئی دہلی(سپورٹس ڈیسک) ہندوستان اور پاکستان میں کرکٹ کو جنون کی حد تک پسند کیا جاتا ہے۔ اس کا ثبوت ہندوستان اور پاکستان کے درمیان ہونے والے میچوں میں اکثر دیکھنے کو مل جاتا ہے۔ آسٹریلیا میں ہونے والے آئندہ ٹی20 عالمی کپ میں دونوں ممالک کے درمیان میچ ممکنہ ہے، لیکن اس درمیان دونوں ممالک کے کرکٹ فینس کے لئے ایک بڑی خبر آئی،
جب انگلینڈ اینڈ ویلس کرکٹ بورڈ (ای سی بی) نے اپنے یہاں ہندوستان۔پاکستان کے درمیان ٹیسٹ سیریز کرانے کا آفر دیا، لیکن ہندوستانی کرکٹ کنٹرول بورڈ (بی سی سی آئی) نے اس آفر کو مسترد کردیا ہے۔واضح رہے کہ دونوں ممالک کے درمیان گزشتہ 15 سالوں سے ایک بھی ٹسٹ میچ نہیں کھیلا ہے۔ سال 2008 میں ممبئی میں ہوئے دہشت گردانہ حملےکے بعد ہندوستان نے پاکستان کے خلاف ٹیسٹ میچ کھیلنے سے انکار کردیا تھا۔
تب سے آج تک ایک بھی ٹیسٹ میچ نہیں کھیلا گیا ہے۔انگلینڈ کرکٹ بورڈ نے ہندوستان اور پاکستان کے درمیان دوطرفہ ٹسٹ سیریز کی میزبانی کرنے کی غیر پیشکش کی ہے، لیکن ہندوستانی کرکٹ کنٹرول بورڈ (بی سی سی آئی) نے کہا ہے کہ مستقبل قریب میں ایسا کوئی امکان نہیں ہے۔ برطانوی روزنامہ ‘ٹیلی گراف‘ کی رپورٹ کے مطابق، انگلینڈ اینڈ ویلس کرکٹ بورڈ کے نائب صدر مارٹن ڈارلو نے موجودہ ٹی20 سیریز کے دوران پاکستان کرکٹ بورڈ (بی سی سی آئی) کے ساتھ بات چیت اور مستقبل میں تین ٹسٹ میچوں کی سیریز انگلینڈ کے میدانوں پر منعقد کرنے کی پیشکش کی‘۔
انگلینڈ اینڈ ویلس کرکٹ بورڈ (ای سی بی) نے جہاں اپنے فائدے کے لئے یہ پیشکش کی ہے، وہیں بی سی سی آئی نے اس پر کہا کہ آئندہ کچھ سالوں میں دونوں ممالک کے درمیان میچ کرائے جانے کا امکان نہیں ہے۔ بی سی سی آئی کے ایک افسر نے منگل کو نام نہ شائع کرنے کی شرط پر کہا، ’پہلی بات تو یہ ہے کہ ای سی بی نے ہندوستان-پاکستان سیریز سے متعلق پی سی بی سے بات کی ہے، جو کہ تھوڑا عجیب ہے۔ کسی بھی طرح سے پاکستان کے خلاف سیریز کا فیصلہ بی سی سی آئی نہیں بلکہ حکومت کرے گی۔ ابھی جوں کی توں صورتحال برقرار ہے۔ ہم پاکستان کے خلاف ہم صرف کثیر القومی مقابلوں میں ہی کھیلیں گے‘۔









