بانی: عبداللہ بٹ      ایڈیٹرانچیف : عاقل جمال بٹ

بانی: عبداللہ بٹ

ایڈیٹرانچیف : عاقل جمال بٹ

عمران نیازی کوفضل الرحمٰن فوبیا ہوچکا ہے، حافظ حمداللہ

اسلام آباد(مانیٹرنگ ڈیسک)پی ڈی ایم کے ترجمان حافظ حمداللہ نے کہا ہے کہ عمران نیازی کوفضل الرحمٰن فوبیا ہوچکا ہے۔وزیراعظم عمران خان کے درگئی جلسے سے خطاب پر ردعمل دیتے ہوئے حافظ حمداللہ نے کہا کہ عمران نیازی کی تقریر اپوزیشن کو گالی دینے جھوٹے الزامات سے شروع ہوئی اورگالیوں پرختم ہوئی۔انہوں نے کہا کہ عمران نیازی تم اپوزیشن کوچورچور کہتے رہے قوم کوبتاؤ چینی چور، آٹاچور، دوائی چور، پٹرول چور، اورایل این جی چور آپ کے اردگرد بیٹھے ہیں۔
ترجمان پی ڈی ایم کا کہنا تھا کہ عمران نیازی تم کو مولافضل الرحمٰن فوبیا ہوچکا ہے، یاد رکھو عمران خان آپ کی حکومت کا سیاسی جنازہ مولانا کے ہاتھوں سمندر برد ہوگا۔ ان کا یہ بھی کہنا تھا کہ کل تم جس کو پنجاب کا ڈاکو، فاشسٹ اور چپڑاسی کہتے رہے اس کو ساتھ ملا کے حکومت بنائی، کل جب جہاز بھر بھر کے لاتے رہے تو باضمیر تھے اب جب منحرف ہوگئے تو بےضمیر ہوگئے۔انہوں نے کہا کہ ایک طرف ،امربالمعروف،کی ترغیب دوسری طرف جھوٹے الزامات اور سیاسی قیادت کو گالیاں دینا، یہ امربالمنکر کا ارتکاب ہے اور ریاست مدینہ کی توہین ہے۔
ترجمان پی ڈی ایم حافظ حمد اللہ کا مزید کہنا تھا کہ آج کی تقریر میں عمران نیازی نے انڈیا کی خارجہ پالیسی کی تعریف اور پاکستان کی خارجہ پالیسی کی ناکامی کااعتراف کیا ، بحیثیت وزیراعظم ہندوستان کی تعریف کرنایہ پاکستان کی منہ پر طمانچہ ہے۔