بانی: عبداللہ بٹ      ایڈیٹرانچیف : عاقل جمال بٹ

بانی: عبداللہ بٹ

ایڈیٹرانچیف : عاقل جمال بٹ

امریکی صدر رواں ہفتے پولینڈ کا دورہ کریں گے

اسلام آباد(مانیٹرنگ ڈیسک) امریکی صدر جوبائیڈن نیٹو اور اپنے یورپی اتحادیوں کے ساتھ فوری نوعیت کی بات چیت کے لیے اس ہفتے یورپ کے دورے پر جا رہے ہیں اس دوران  پولینڈ میں بھی رکیں گے۔

وائٹ ہاؤس کے مطابق صدر جوبائیڈن اپنے اس دورے میں پہلے برسلز جائیں گے جس کے بعد ان کی اگلی منزل پولینڈ ہو گی۔

یاد رہے کہ امریکی صدر کا یہ دورہ ایک ایسے موقع پر ہو رہا ہے جب روسی افواج یوکرین کے شہروں پر گولاباری جاری رکھے ہوئے ہے اور تقریباً ایک مہینے سے جاری اس جنگ میں شہریوں کی ایک بڑی تعداد پھنس کر رہ گئی ہے۔

واضح رہے کہ پولینڈ یوکرین کا ایک ہمسایہ ملک ہے اور وہ جنگ سے اپنی جانیں بچا کر فرار ہونے والے 20 لاکھ سے زیادہ پناہ گزینوں کو اپنے ہاں پناہ دے چکا ہے۔

پولینڈ ان ملکوں میں شامل ہے جو نیٹو سے مسلسل یہ کہہ رہے ہیں کہ وہ یوکرین میں خون خرابہ روکنے لیے لیے زیادہ کوشش کرے۔

دوسری جانب روسی صدر ولادیمیر پوٹن نے لوگوں سے بھرے ہوئے ایک فٹ بال اسٹیڈیم میں خطاب کیا اور یوکرین پر حملے کو درست قرار دیا۔

انہوں نے روسی پرچم لہراتے لاکھوں افراد سے کہا کہ کریملن کے تمام مقاصد پورے ہوں گے۔

ماسکو کے لوزنکی اسٹیڈیم میں ریلی سے خطاب کرتے ہوئے پوٹن نے کہا کہ ”ہمیں پتا ہے کہ ہمیں کیا کرنا ہے، کیسے کرنا ہے، اوراس کی کیا قیمت ہو گی۔ اور ہم اپنے تمام مقاصد کامیابی کے ساتھ حاصل کر لیں گے”۔

انھوں نے یوکرین کی لڑائی کو ”خصوصی فوجی آپریشن” قرار دیا اور کہا کہ سپاہی جذبے سے لڑ رہے ہیں۔