اسلام آباد(ممتازنیوز)امپورٹڈ حکومت کیخلاف پاکستان تحریک انصاف کے فیصلہ کن لانگ مارچ کےحوالے سے پارٹی کے مرکزی قائدین کے اہم ترین مشاورتی اجلاس چیئرمین عمران خان کی زیرصدارت ہوا۔ اجلاس میں ملکی مجموعی سیاسی صورتحال، مجرموں کو ملنے والے این آر او اور تازہ ترین آڈیو لیکس سمیت اہم امور پر تفصیلی تبادلہ خیال کیاگیا۔ اجلاس میں اسلام آباد لانگ مارچ کی تیاریوں کے حوالے سے جامع حکمت عملی پر نہایت مفصل مشاورت کی گئی اور امپورٹڈ حکومت کی جانب سے شرانگیزی اور تشدد کے امکانات پر بھی نہایت تفصیل سے غورکیا گیااور تاریخ کے اعلان کے بعد بیک وقت کئی ایک حکمت عملی نکات کو حتمی شکل دینے کا فیصلہ کیا گیا۔حتمی تاریخ کے اعلان سے قبل چیئرمین تحریک انصاف نے اسلام آباد اور گرد و نواح کے اضلاع کی تنظیموں کو بھرپور طریقے سے تیار کرنے کا فیصلہ کیا ہے اس حوالے سے عمران خان پشاور ریجن اور فیصل آباد ڈویژنز میں بڑے ورکرز کنونشن سے خطاب کریں گے ۔ عمران خان کی جانب سے ذمہ داران کو اہداف سونپ دیے گئے ہیں۔سابق وزیراعظم کا کہنا تھا کہ اشرافیہ کیلئے اور عوام کیلئے دوسرے قانون کی روایت ملک کو تباہی کی دلدل میں دھکیل رہی ہے، قانون کی حکمرانی آگے بڑھنے کا واحد راستہ ہے۔انہوں نے کہاکہ این آر اوز قانون کی حکمرانی کیلئے زہرِ قاتل، قوم پر مسلط بحرانوں کا حقیقی سبب ہیں، کرپٹ اور مجرم گروہ کیخلاف فیصلہ کن تحریک کا مرحلہ آن پہنچا ہے۔ عمران خان نے کہاکہ بھرپور عوامی تائید و شرکت پاکستان کو غلامی و محکومی کے شکنجے سے آزاد کروانے کیلئے لازم ہے۔انہوں نے کہاکہ بدترین مہنگائی، معاشی بربادی اور چوروں نے شکنجے سے نجات کیلئے عوام میدانِ عمل میں نکلنے کی تیاری کریں۔ عمران خان نے کہاکہ ظالموں کو مزید مہلت نہیں دیں گے، جلد تاریخی کانگ مارچ کی تاریخ کا باضابطہ اعلان کروں گا ۔
پی ٹی آئی کا ممکنہ لانگ مارچ، حتمی تاریخ کے اعلان سے قبل پنڈی اسلام آبادکی تنظیموں کو بھرپور طریقے سے تیار کرنے کا فیصلہ








