ملتان(مقبول حسین)سابق وزیر اعظم یوسف رضا گیلانی نے کہا ہے کہ عمران خان کون ہوتے ہیں آرمی چیف کے بارے میں ایڈوائس دینے والے اور فوری الیکشن کی بات کرنے والے۔ سب کام آئین کے مطابق وقت مقررہ پر ہوں گے ،وزیر اعظم سائفر کی مکمل تحقیقات کرائیں اور قانون و آئین کے مطابق انہیں سزا دی جائے کیونکہ عمران نے ملک کو نقصان پہنچایا ،انہیں ملک کی تقدیر سے کھیلنے کی اجازت نہیں دی جا سکتی،ہمارے دور میں بھی سائفر آتے رہے اور ہم سفیر کو دفتر خارجہ بلا کر احتجاج کرتے تھے اور اس سے زیادہ ہم کچھ بھی نہیں کر سکتے،، عمران خان جس خط کو اپنے جلسوں میں لہراتے رہے اسکے چوری ہونے کی باتیں چل رہی ہے،میں نے زندگی میں اقتدار کے لیے عمران خان سے زیادہ لالچی وزیر اعظم آج تک نہیں دیکھا۔ وہ پاکستان سرائیکی پارٹی کے رہنماوں کے ہمراہ ملتان پریس کلب میں نیوز کانفرنس سے خطاب کر رہے تھے ۔سابق وزیر اعظم یوسف رضا گیلانی نے کہا کہ آئی ایم ایف کیساتھ معاہدہ ہمارانہیں تحریک انصاف کا تھا لیکن اس کو پورا کرنا ریاست کا کام ہے، ہمارے دور میں بھی سائفر آتے تھے لیکن وہ فارن آفس میں ہی ختم ہو جاتے تھے، ہم سفیر کو دفتر خارجہ بلا کر احتجاج کے علاوہ کچھ نہیں کرسکتے، ان کا کہنا تھا کہ 2023 کا الیکشن پارٹی بنیاد پر لڑنا ہے یا پی ڈی ایم کے پلیٹ فارم سے، یہ فیصلہ پی ڈی ایم نے کرنا ہے ،عمران خان جس خط کو اپنے جلسوں میں لہراتے رہے اسکے چوری ہونے کی باتیں چل رہی ہے۔یوسف رضا گیلانی نے کہا کہ عمران خان کون ہوتے ہیں آرمی چیف کے بارے میں ایڈوائس دینے والے اور کہتے ہیں کہ جو یہ آرمی چیف بنائیں گے میں اس کو نہیں مانوں گا۔یوسف رضا گیلانی نے کہا کہ میں نے زندگی میں اقتدار کے لیے عمران خان جیسا لالچی وزیر اعظم آج تک نہیں دیکھا ،تحریک انصاف نے 6 ماہ تک ملک کی تقدیر سے کھیلا اور عوام کو بیوقوف بنایا، ہم پر امپورٹڈ حکومت کا الزام لگایا جاتا رہا اصل میں امپورٹڈ حکومت ہی تحریک انصاف ہے جو ثابت ہو چکی ہے ۔انہوں نے کہا کہ میں نے وزیر خزانہ اسحاق ڈار کو ٹیلی فون پر مبارکباد دی ہے اور ان سے کہا ہے انہوں نے پٹرول کی قیمت کم کر کے اچھا اقدام اٹھایا ہے ،البتہ بجلی کی قیمتوں میں بھی کمی کی جائے ۔انہوں نے کہا کہ عمران خان کی مقبولیت میں دن بدن کمی آرہی ہے وہ شہید بھٹو اور شہید بے نظیر بھٹو سے بڑے لیڈر نہیں ہیں۔
وزیرخزانہ کو گیلانی کاٹیلیفون ،پٹرول سستا پر تحسین ،بجلی سستی کرنے کی بھی سفارش








