بانی: عبداللہ بٹ      ایڈیٹرانچیف : عاقل جمال بٹ

بانی: عبداللہ بٹ

ایڈیٹرانچیف : عاقل جمال بٹ

ایم این اے کی شکایت،قائمہ کمیٹی اسحقاق نے وی سی اسلامیہ یونیورسٹی ، ایس ایچ او،ہائی وے،پبلک ہیلتھ،ترقیاتی بینک کے افسران کوکل بلالیا

 بہاولپور(عرفان جوئیہ)قومی اسمبلی کی قائمہ کمیٹی برائے قواعد وضوابط و استحقاق نےبہاولپور سے منتخب تحریک انصاف کے منحرف رکن قومی اسمبلی مخدوم سید سمیع الحسن گیلانی کی شکایت پر وائس چانسلر اسلامیہ یونیورسٹی بہاولپور اورغیر اخلاقی رویہ اختیار کرنے پر ایس ایچ او، ایکسین ہائی وے،ایکسین پبلک ہیلتھ اور زونل منیجر زرعی ترقیاتی بینک کو کل (پیرکو) ذاتی حیثیت میں طلب کر لیا۔
قائمہ کمیٹی برائے قواعد وضوابط و استحقاق نے سید سمیع الحسن گیلانی کی شکایت پر قائمہ کمیٹی برائے وفاقی تعلیم کے اجلاس میں بارہا نوٹسز کے باوجود پیش نہ ہونے وائس چانسلر اسلامیہ یونیورسٹی پروفیسر ڈاکٹر اطہر محبوب،سالانہ ترقیاتی منصوبوں کیلئے غلط تخمینے لگانے اور رکن اسمبلی کے ساتھ ناروا رویہ اختیا رکرنے پر ایکسین ہائی وے بہاولپور فرخ ممتاز وڑائچ، زرعی ترقیاتی بینک کے زونل چیف اور ایکسین پبلک ہیلتھ بہاولپور سمیت مخدوم سمیع الحسن گیلانی کے حلقہ انتخاب اوچشریف کے تھانہ میں تعینات ایس ایچ او سب انسپکٹر غلام رسول بھٹی کو رکن اسمبلی کے نمائندہ سے بد اخلاقی سے پیش آنے پرآج 3اکتوبر دوپہر دو بجے پارلیمنٹ ہاؤس میں ذاتی طور پر کمیٹی کے سامنے پیش ہونے کی ہدایت جاری کی ہے۔
ادھر ڈسٹرکٹ پولیس افیسر عبادت نثار پہلے ہی کارروائی کرتے ہوئےایس ایچ او غلام رسو ل بھٹی کو لائن حاضر کرچکے ہیں۔ غلام رسول بھٹی اپنے بد اخلاق رویہ،کرپشن اور محکمہ سے بددیانتی پر قبل ازیں سب انسپکٹر سے بطور کانسٹیبل تنزلی کے بعد ملازمت سے برخاست ہو چکا ہے اور محکمانہ اپیلوں میں دوبارہ بحال ہوا۔گذشتہ برس آئی جی پنجاب پولیس کی جانب سے کرپٹ پولیس افسران کو ایس ایچ اوشپ سے ہٹائے جانیوالوں میں غلام رسول بھٹی کا نام سرفہرست تھا۔