بانی: عبداللہ بٹ      ایڈیٹرانچیف : عاقل جمال بٹ

بانی: عبداللہ بٹ

ایڈیٹرانچیف : عاقل جمال بٹ

اسلام آباد چیمبر کے نومنتخب عہدیداران کو مبارک باد دینے کیلئے سی ڈی اے کا چیمبر کا دورہ

اسلام آباد ( ممتاز نیوز) سی ڈی اے مزدور یونین کے سیکرٹری جنرل چوہدری محمد یٰسین کی قیادت میں ایک وفد نے اسلام آباد چیمبر آف کامرس اینڈ انڈسٹری کا دورہ کیا اور نومنتخب عہدیداران کو مبارک باد پیش کی۔سی ڈی اے مزدور یونین کے صدر اورنگ زیب خان، سرپرست اعلیٰ اور دیگر عہدیداران وفد میں شامل تھے۔وفد سے خطاب کرتے ہوئے اسلام آباد چیمبر آف کامرس اینڈ انڈسٹری کے صدر احسن ظفر بختاوری نے کہا کہ تاجر برادری کے مفادات کے بہتر تحفظ کیلئے چیمبر کے صدر کو سی ڈی اے بورڈ میں نمائندگی دی جائے اور جب تک نمائندگی کا فیصلہ نہیں ہوتا تب تک چیمبر کے صدر کو سی ڈی اے بورڈ کے اجلاسوں میں بطور مبصر مدعو کیا جائے۔ انہوں نے کہا کہ بزنس کمیونٹی کے زیادہ تر مسائل سی ڈی اے سے تعلق رکھتے ہیں جن کو حل کرانے میں سی ڈی اے ملازمین کا کردار بہت اہم ہے۔ انہوں نے یقین دہانی کرائی کہ آئی سی سی آئی سی ڈی اے ملازمین کے جائز حقوق کے تحفظ کی مکمل حمایت کرے گا۔ انہوں نے مبارک باد پیش کرنے کیلئے چیمبر کا دورہ کرنے پر چوہدری محمد یٰسین اور سی ڈی اے مزدور یونین کے دیگر عہدیداران کا شکریہ ادا کیا۔ اسلام آباد چیمبر آف کامرس اینڈ انڈسٹری کے سینئر نائب صدر فاد وحید اور نائب صدر محمد اظہر الاسلام ظفرنے کہا کہ کاروباری سرگرمیوں کے بہتر فروغ کیلئے چیمبر اور سی ڈی اے کا قریبی تعاون ضروری ہے۔ انہوں نے اس امید کا اظہار کیا کہ مشترکہ مفادات کے حصول کیلئے چیمبر اور سی ڈی اے مزدور یونین مل کر کام کریں گے۔گروپ لیڈر خالد اقبال ملک نے اپنے خطاب میں اس توقع کا اظہار کیا کہ سی ڈی اے ملازمین بزنس کمیونٹی اور شہریوں کے مسائل حل کرنے کیلئے مزید محنت و لگن سے کام کریں گے اور اسلام آباد کو دنیا کا خوبصورت ترین شہر بنانے کی کوشش کریں گے۔ سی ڈی اے مزدور یونین کے سیکرٹری جنرل چوہدری محمد یٰسین نے اپنے خطاب میں کہا کہ اسلام آباد چیمبر آف کامرس اینڈ انڈسٹری کے ممبران کی اسلام آباد شہر کی ترقی کیلئے گراں قدر خدمات ہیں کیونکہ تاجرو صنعتکار برادری نے اس شہر کو آباد کرنے اور صنعت و تجارت کو فروغ دے کر روزگار فراہم کرنے میں اہم کردار ادا کیا ہے۔انہوں نے کہا کہ سی ڈی اے مزدور یونین سی ڈی اے بورڈ میں اسلام آباد چیمبر آف کامرس کی نمائندگی کی مکمل حمایت کرتی ہے۔ انہوں نے یہ یقین دہانی کرائی کہ تاجر برادری کے مسائل کے حل کیلئے سی ڈی اے مزدور یونین ہر ممکن تعاون کرے گی۔ چیمبر کے سابق صدور ظفر بختاوری، میاں اکرم فرید، محمد اعجاز عباسی اور دیگر نے بھی اپنے خیالات کا اظہار کیا اور کہا کہ سی ڈی اے کو چاہیے کہ وہ چیمبر کی مشاورت سے مارکیٹوں اور صنعتی علاقوں سمیت شہر کی بہتر ترقی کیلئے مزید اقدامات کرے۔