اسلام آباد(ممتازنیوز) پاکستان تحریک انصاف کے چیئرمین وسابق وزیراعظم عمران خان نے کہاہے کہ چیف الیکشن کمشنر سیاسی انجینئرنگ کرنے والوں کا آلہ کار ہے،اسمبلی میں کسی صورت واپس نہیں جائیں گے ، لانگ مارچ زیادہ دور نہیں ، پوری تیاری سے آ رہے ہیں،کوئی روک نہیں سکتا،عمران خان الیکشن رولز میں اوورسیز پاکستانیوں کے حوالے سے ترمیم ہوئی تو چیلنج کریں گے،انتخابات میں اندرون سندھ میں سب بڑا انقلاب آئے گا، سکھر گیا تو لوگوں کے ردعمل سے لگا جیسے کشمیر آزاد ہو رہا ہو، اندرون سندھ میں پیپلزپارٹی اب کامیاب نہیں ہوسکتی۔
صحافیوں سے گفتگو کرتے ہوئے عمران خان نے چیف الیکشن کمشنر کو بددیانت اور جانبدار قرار دیا اور کہا کہ ان کی شکل بھی نہیں دیکھنا چاہتا۔انہوں نے کہاکہ آڈیو لیکس سے ثابت ہوا کہ ن لیگ اور الیکشن کمیشن کی ملی بھگت ہے، آڈیو لیکس کے بعد چیف الیکشن کمشنر کو اخلاقی طور پر مستعفی ہونا چاہیے تھا، الیکشن کمیشن کے سامنے کسی صورت پیش نہیں ہوں گا، جو بھی چیف الیکشن کمشنر ہوانتخابات ہر صورت لڑیں گے۔
انہوں نے کہاکہ ای وی ایم روکنے میں مرکزی کردار چیف الیکشن کمشنر کا تھا، الیکشن کمیشن سے پوچھتا ہوں ن لیگ اور پیپلزپارٹی کی فنڈنگ کیسز کا کیا بنا، شفاف الیکشن نہ ہوئے تو جو ہوگا ملک اس کا متحمل نہیں ہو سکتا۔عمران خان نے کہاکہ چیف الیکشن کمشنر، ممبران اور نیب سربراہ کی تقرری کا طریقہ کار تبدیل ہونا چاہیے، چیف الیکشن کمشنر کے غیر جانبدار ہونے کی گارنٹی نیوٹرلز نے دی تھی،ڈسکہ الیکشن کے بعد پتا چلا کہ گیم ہی کوئی اور ہو رہی ہے، سو فیصد یقین کہ مجھے نااہل کرنے کا منصوبہ بنایا ہوا ہے۔
سابق وزیراعظم نے کہاکہ اوورسیز پاکستانیوں کو سیاسی عمل سے دور کیا جا رہا ہے، الیکشن رولز میں اوورسیز پاکستانیوں کے حوالے سے ترمیم ہوئی تو چیلنج کریں گے، تحریک انصاف کی وجہ سے سمندر پار پاکستانیوں کی سیاسی جماعت میں شمولیت پر پابندی لگ رہی ہے، اوورسیز پاکستانی اتنے ہی برے لگتے ہیں تو ان سے زرمبادلہ بھی نہ لیں،
انہوں نے کہاکہ اسمبلی میں کسی صورت واپس نہیں جائیں گے، پہلے دن سے کہا ہماری اپوزیشن جمہوری نہیں بلکہ کریمنل ہے۔
انہوں نے کہاکہ سائفر کو پھر زندا کرنے پر حکومت کا مشکور ہوں، سائفر میں واضح لکھا ہے کہ عمران خان کو ہٹایا جائے، سائفر سے فائدہ اٹھانے والے اس کی تحقیقات کیسے کر سکتے ہیں، چیلنج کرتا ہوں کہ توشہ خانہ کیس کی کھلی سماعت کی جائے۔
عمران خان نے کہاکہ چیف الیکشن کمشنر اور جسٹس فائز عیسی سے کبھی ملاقات نہیں ہوئی، چیف الیکشن کمشنر سیاسی انجینئرنگ کرنے والوں کا آلہ کار ہے، چیف الیکشن کمشنر کے سامنے پیش ہوکر ڈر ہے ایسا کچھ نہ کردوں کہ مجھے جیل بھیج دے
انہوں نے کہاکہ ضمنی الیکشن میں جتنی بھی دھاندلی کر لیں ہم ہی کامیاب ہونگے، لانگ مارچ زیادہ دور نہیں ہے، لانگ مارچ کیلئے پوری تیاری سے آ رہے ہیں، پہلے ہمیں پتا نہیں تھا کہ ہمارے ساتھ کیا سلوک ہوگا، عوام کا سمندر لانگ مارچ میں آئے گا جسے کوئی نہیں روک سکتا،
عمران خان نے سندھ میں سب سے بڑے انقلاب کا دعوی کرتے ہوئے کہاکہ انتخابات میں اندرون سندھ میں سب بڑا انقلاب آئے گا، سکھر گیا تو لوگوں کے ردعمل سے لگا جیسے کشمیر آزاد ہو رہا ہو، اندرون سندھ میں پیپلزپارٹی اب کامیاب نہیں ہوسکتی۔
عمران خان نے کہاکہ سندھ کا سیلاب پیپلزپارٹی کو بہا کر لے گیا ہے، تحریک عدم اعتماد کے بعد ٹی وی دیکھ رہا تھا نہ ہی موبائل، کرکٹ دور کی ٹریننگ ہے کہ میچ ہارنے کے بعد ٹی وی دیکھو نہ اخبار پڑھو، بشریٰ بی بی نے مجھے اپنے موبائل پر دکھایا کہ کتنی عوام سڑکوں پر ہے ٹی وی پر بلیک آئوٹ تھا، سوشل میڈیا پر عوام دیکھ کر حیران رہ گیا۔
چیف الیکشن کمشنر سیاسی انجینئرنگ کرنے والوں کا آلہ کار، لانگ مارچ زیادہ دور نہیں ، پوری تیاری سے آ رہے ہیں،کوئی روک نہیں سکتا،عمران خان








