فیصل آباد( معظم رندھاوا) فیصل آباد کے مصروف ترین منٹگمری بازار میں پلازے کی بالائی منزل میں ہولناک آتشزدگی سے ایک ہی خاندان کے سات افراد زندہ جل کر لقمہ اجل بن گئے جبکہ چار افراد جھلس کر شدید زخمی ہو گئے ۔تفصیلات کے مطابق فیصل آباد کے علاقے منٹگمری بازارپلازے کی بالائی منزل پر تین بھائی اپنے والد عبدالستار اور خاندان کیساتھ رہائش پزیر تھے۔گزشتہ روز اچانک پلازے کی بالائی منزل پر آگ بھڑک اٹھی جس نے دیکھتے ہی دیکھتے پلازے کی بالائی منزل کو اپنی لپیٹ میں لے لیا واقعہ کی اطلاع ملنے پر ریسکیو کے فائر ٹینڈر موقع پر پہنچ گئے اور ریسکیو اہلکاروں نے طویل جدو جہد کے بعد آگ پر قابو پا لیا ہے ۔ریسکیو زرائع کے مطابق آگ کی زد میں آ کر عبدالستار اس کے دو بیٹے چالیس سالہ عمر فاروق اور بتیس سالہ فرحان بارہ سالہ عروش دختر عمر فاروق دس سالہ معاویہ عثمان چار سالہ بلال فرحان اور گیارہ سالہ یوسف فرحان زندہ جل گئے آگ کی زد میں آ کر حمزہ نور فاطمہ رضیہ اور سمعیہ بری طرح جھلس کر زخمی ہو گئے جنہیں الائیڈ ہسپتال منتقل کر دیا گیا ہے ۔ریسکیو زرائع کے مطابق آگ سے ایک درجن افراد متاثر ہوئے ہیں جنہیں ابتدائی طبی امداد کے بعد فارغ کر دیا گیا ہے ۔ڈپٹی کمشنر فیصل آباد نے واقعہ کا نوٹس لیتے ہوئے فوری تحقیقات کرنے کے لیے کمیٹی تشکیل دے دی ہے جبکہ انجمن تاجران اور سوتر منڈی ایسوسی ایشن نے واقعہ پر بروز ہفتہ سوگ کا اعلان کرتے ہوئے مارکیٹیں بند رکھنے کا اعلان کیا ہے۔
فیصل آباد ،پلازے میں ہولناک آتشزدگی ،ایک ہی خاندان کے 7افراد زندہ جل گئے







