بانی: عبداللہ بٹ      ایڈیٹرانچیف : عاقل جمال بٹ

بانی: عبداللہ بٹ

ایڈیٹرانچیف : عاقل جمال بٹ

حضور ﷺ کی اسوہ حسنہ تمام انسانیت کے لیے بہترین نمونہ ہے، اسپیکر و ڈپٹی سپیکر قومی اسمبلی

اسلام آباد(ممتاز نیوز )اسپیکر قومی اسمبلی راجہ پرویز اشرف اور ڈپٹی اسپیکر زاہد اکرم درانی نے کہا ہے کہ حضور ﷺ کی زندگی تمام کائنات کے لیے مشعل راہ ہے، جس پر عمل پیرا ہو کر ہم دنیا و آخرت میں کامیابی حاصل کر سکتے ہیں۔ انہوں نے کہا کہ حضور ﷺ کی آمد تمام انسانیت کے لیے باعث رحمت ہے جس نے انسانیت کو جہالت کے اندھیرے سے نکال کر انسانیت کے عالی درجات پر فائز کیا۔ ان خیالات کا اظہار انہوں نے عید میلاد النبی ﷺ کے موقع پر کیا جو 9 اکتوبر کو نہایت مذہبی جوش و جزبے سے منائی جا رہی ہے۔اسپیکر نے عید میلاد النبی ﷺ کے باسعادت موقع پر مسلم امہ کو مبارکباد دیتے ہوے کہا کہ آپ ﷺ کی سیرت تمام انسانیت کے لیے رشد و ہدایت کا سرچشمہ ہے۔ انہوں نے کہا کہ آپ ﷺ کی سنتوں پر عمل پیرا ہو کر ہم اپنی تمام مشکلات کا حل ڈھونڈ سکتے ہیں۔ انہوں نے کہا کہ نبی ﷺ کا اسوہ حسنہ عدل وانصاف، سچائی بقائے باہمی، انسانیت سے ہمدردی،صبر و برداشت اور امن ومحبت کی بہترین مثال ہے۔سپیکر نے مزید کہا کہ موسمیاتی تبدیلی کے چیلنج سے نمٹنے کے لیے میثاق مدینہ جیسا اتحاد و یکجہتی پیدا کرنے کی ضرورت ہے۔ انہوں نے کہا کہ سیلاب متاثرین کی بحالی کے لیے انصار مدینہ جیسے جذبہ ایثار و قربانی کی ضرورت ہے۔ انہوں نے قدرتی آفات سے بچنے کے لیے اللہ تعالی کی طرف رجوع کرنے اور نبی اکرم صلی علیہ وسلم کی تعلیمات کو اپنانے پر زور دیا۔ سپیکر نے کہا کہ نبی ﷺ کا امتی ہونا ہمارے لیے اللہ تعالی کا احسان عظیم ہے۔جس کا جتنا بھی شکر ادا کیا جائے کم ہے۔ انہوں نے کہا کہ نبی ﷺ کی حیات طیبہ مینار نور ہے اور زندگی کے ہر شعبے میں انسانیت کے لیے مشعل راہ ہے اور قیامت تک آنے والے انسانوں کی رہنمائی کرتی رہے گی۔ ڈپٹی اسپیکر قومی اسمبلی زاہد اکرم درانی نے اس موقع پر اپنے پیغام میں کہا کہ نبی ﷺ انتہائی اعلیٰ اخلاق و اوصاف کے مالک تھے اور آپ ﷺ نے پاکیزہ سیرت اور ذاتی عمل کے ذریعے انتہائی قلیل عرصہ میں لوگوں کی زندگیوں میں تبدیلی لاکر دنیا میں ایک انقلاب برپا کیا اور ایک صحت مند معاشرے کی تشکیل کے لیے ایک مکمل ضابطہ اخلاق دیا۔ انہوں نے کہا کہ نبی ﷺ کی سیرت طیبہ ایک مکمل ضابطہ حیات ہے جس کی پیروی ہر فرد کو کرنی چاہیے۔انہوں نے کہا کہ نبیﷺ کی تعلیمات میں سب مسائل کا حل موجود ہے ان کے اسوہ حسنہ کی پیروی کر کے ہم رنگ ونسل کے امتیازات ختم کر کے اپنی زندگیوں کو خوشیوں سے بھر سکتے ہیں۔ انہوں نے کہا کہ حضور ﷺ پر ہماری جان و مال سب قربان ہیں۔