عوامی مسلم لیگ کے سربراہ شیخ رشید احمد نے کہا ہے کہ عمران خان کی جتنی بھی آڈیوز لے آؤ، اسے کوئی فرق نہیں پڑے گا۔
مسلم لیگ عوامی کے سربراہ اور سابق وفاقی وزیر شیخ رشید نے اے آر وائی نیوز کے پروگرام سوال یہ ہے میں گفتگو کرتے ہوئے کہا ہے کہ عمران خان کی جتنی بھی آڈیوز لے آؤ، اسے کوئی فرق نہیں پڑے گا، عوام اب بس یہی چاہتے ہیں الیکشن کااعلان کرو ورنہ لوگ بغاوت پر آمادہ ہیں، جھرلو پھرے گا تو پھر سب پر پھرے گا۔
شیخ رشید نے کہا کہ ملک میں عدم استحکام ہو چکا ہے، اس وقت گوٹی ’’عام انتخابات‘‘پر پھنسی ہوئی ہے،ہم جیلیں بھرنے کیلئے بھی تیار ہیں، اب نہیں تو کبھی نہیں، عوام عمران خان کی کال کا انتظار کرتے کرتے تھک گئے، خان صاحب کو کہا ہے یہ پھر ہم سے ہاتھ کر رہے ہیں، تیسری ملاقات چھوڑو،عمران خان عوام کو کال دیں، وہ جتنی تاخیر کریں گے اپنا نقصان کریں گے۔
ان کا کہنا تھا کہ کل سے کام شروع ہو جانا ہے، 15 نومبر تک اہم ہے، ہمیں آئین اور قانون کے دائرے میں رہتے ہوئےعوام کو ان کا حق دلانا ہے۔
سابق وفاقی وزیر نے کہا کہ عمران خان کو نکال کر انہوں نے اس کی مدد کی ہے، لوگ دوسرےچینل پر اس لئے نہیں جاتے کیوں کہ وہ سچ نہیں بولتے، اسحاق ڈار ریکارڈ میں ٹیمپرنگ کرتا ہے، مجھے نہیں لگتا نواز شریف پاکستان میں آئیں گے۔









