بانی: عبداللہ بٹ      ایڈیٹرانچیف : عاقل جمال بٹ

بانی: عبداللہ بٹ

ایڈیٹرانچیف : عاقل جمال بٹ

لاہو ہائی کورٹ کا اسموگ کےتدارک کے لیےاقدامات اٹھانے کا حکم

لاہور: عدالت نے سیاسی دباؤ بالائے طاق رکھتے ہوئے آلودگی کےتدارک کیلئےاقدامات اٹھانے کا حکم دے دیا۔

تفصیلات کے مطابق لاہورہائی کورٹ میں شہر میں آلودگی کے تدارک سے متعلق کیس کی سماعت کرت ہوئے جسٹس شاہد کریم نے کہا کہ افسران سیاسی دباؤ کو نظر انداز کرکے کام کریں۔

لاہور ہائی کورٹ نے چیف سیکرٹری کو انسداد اسموگ کیلئے اقدامات کی رپورٹ کل پیش کرنے کا حکم دیا۔

جسٹس شاہد کریم  نے تمام نوٹیفکیشن جاری کرکے رپورٹ جمع کرانے کا بھی حکم دیا۔

سیکرٹری ماحولیات کی 1200 صنعتوں کو بند کرنے کی رپورٹ پرعدم اطمینان کا اظہار کرتے ہوئے  عدالت نے سیکرٹری ماحولیات کو مفصل رپورٹ تیار کرکے کل پیش کرنے کا حکم دیا۔

جسٹس شاہد کریم نے کہا کہ عدالت سیکرٹری ماحولیات کی رپورٹ کی تصدیق کرائے گی۔ عدالت آج ہی اپنا تحریری حکم جاری کرے گی۔ چیف سیکرٹری چاہیں تو ایک گھنٹے میں کروا سکتے ہیں۔

عدالت نے کہا کہ ماضی کے چیف سیکرٹری کے دفاتر میں وزیراعلی بھی جاتے ہوئے گھبراتا تھا۔ اب توچیف سیکرٹریوں نے اپنے عہدے کو پست کرلیا ہے۔

جسٹس شاہد کریم نے ہارون فاروق کی جانب سے دائر کیس کی سماعت کی جبکہ سماعت میں جوڈیشل واٹر اینڈ انوائرمنٹل کمیشن کی جانب سے رپورٹ پیش کی گئی جس میں بتایا گیا کہ عدالتی حکم پرعملدرآمد کرا رہے ہیں۔

درخواست گزار کا مؤقف تھا کہ دھواں دینے والی فیکٹریاں رات کو چل رہی ہوتی ہیں۔

وکیل پنجاب حکومت نے جواب دیا کہ 1200سےزائددھواں دینےوالی فیکٹریاں بند کر دیں۔ سیکرٹری ماحولیات کہہ رہے ہیں ان پر سیاسی دباؤ ہے۔ سیاسی دباؤ ہے کہ مزید فیکٹریاں بند نہ کریں۔

جسٹس شاہد کریم نے کہا کہ سب افسران بیٹھ کر یہی سوچتے رہتے ہیں۔ افسران سوچتے ہیں کہ یہ ہوجائیگا وہ ہو جائیگا۔ افسران کو قانون کے مطابق کام کرنا ہے۔

جسٹس شاہد کریم نے سماعت کے دوران ریمارکس میں یہ بھی کہا کہ سیاسی دباؤ قبول کیوں کرتے ہیں؟  کیا ایسی رپورٹ تیار کی کہ سیلاب کے بعد کیا کرنا ہے؟

لاہورہائی کورٹ نے کیس کی مزید سماعت کل تک ملتوی کر دی۔