بانی: عبداللہ بٹ      ایڈیٹرانچیف : عاقل جمال بٹ

بانی: عبداللہ بٹ

ایڈیٹرانچیف : عاقل جمال بٹ

وزیر اعظم نے تھرکول بلاک ٹو سندھ اینگروکول مائن کمپنی کے توسیع منصوبے کا افتتاح کر دیا

تھرپارکر: وزیراعظم شہباز شریف نے تھر کول بلاک2سندھ اینگرو کول مائنز کمپنی کے توسیع منصوبے کا افتتاح کر دیا،  وزیراعلیٰ سندھ مرادعلی شاہ کی جانب سے وزیراعظم شہباز شریف کو تھر کول منصوبے پر بریفنگ دی گئی۔

نجی ٹی وی کے مطابق  وزیراعظم شہباز شریف نے تھرکول بلاک ٹو سندھ اینگرو کول مائنز  کمپنی کے توسیع منصوبے کا افتتاح کردیا ۔ وزیراعلیٰ سندھ مرادعلی شاہ نے  وزیراعظم کو تھر کول منصوبے پر بریفنگ دیتے ہوئے کہا کہ  تھر کے کوئلے سے صنعتی پہیے کو توانائی بخشنے کی بنیاد بینظیر بھٹو نے ڈالی ، تھر کے کوئلے سے بجلی کی پیداوار کے لیے وسیع تر روڈ نیٹ ورک ، برجز اور ایئرپورٹ کی ضرورت تھی،حکومت سندھ نے محنت کے بعد 750 ملین ڈالرز خرچ کرکے تھر کا انفرااسٹرکچر تعمیر کیا، حکومت سندھ اور اینگرو نے پبلک پرائیویٹ پارٹنر شپ کے تحت 2009 میں بلاک ٹو سے کوئلہ نکالا،سندھ اینگرو کول پراجیکٹ میں سندھ حکومت کے 55 اور45 فیصد شیئر زاینگرو کے ہیں۔

وزیر اعلیٰ سید مراد علی شاہ نے وزیر اعظم شہباز شریف سے کہا کہ  کوئلہ سے 660 میگا واٹ پاور پلانٹ پر کام شروع کیا گیا،  روا ں سال کے آخر تک پاور پراجیکٹ میں بجلی پیدا کرنے کی صلاحیت بڑھ کر2640 میگا واٹ ہوجائے گی، سال 2030 تک تھر کے کوئلے سے ملکی معیشت میں غیر معمولی اضافہ ہوگا،دسمبر تک تھر کول بلا ک ون سے 1320 میگا واٹ بجلی پیدا ہوگی، 1.2بلین ڈالر کا زرِ مبادلہ محفوظ ہوگا ۔

وزیر اعلیٰ سندھ نے کہا کہ  درآمدی کوئلے پر چلنے والے بجلی کے کارخانے جب تھر کوئلے سے چلیں گے تو 1.5 بلین ڈالر کا زرمبادلہ محفوظ ہوگا،سیمنٹ کے کارخانے جب تھر کے کوئلے سے چلیں گے تو ملک کا 2 بلین ڈالر زرمبادلہ محفوظ رہے گا

اس موقع پر وزیر اعظم شہباز شریف نے   تھر میں ڈمپر اورٹرک چلانے والی خواتین ڈرائیوروں سے ملاقات بھی کی ۔ وزیراعظم شہباز شریف اوروزیراعلیٰ سندھ نے  تھر کی خواتین کی محنت، لگن اور جذبے کی تعریف کی ۔