لاہور(ممتازنیوز) وزیراعلیٰ پنجاب چودھری پرویزالٰہی نے کہا ہے کہ وفاقی حکومت سیلاب متاثرین پر سیاست چمکا رہی ہے۔
اپنے ایک بیان میں پرویزالٰہی نے کہا کہ پنجاب حکومت نے سیلاب متاثرین کی بحالی کے لئے بروقت اقدامات کئے ہیں۔
انہوں نے کہا کہ پراونشل ڈیزاسٹر مینجمنٹ اتھارٹی اور ریسکیو 1122 کے ساتھ ضلعی انتظامیہ بھی متاثرین سیلاب کی مدد کیلئے پیش پیش ہے۔
انہوں نے کہا کہ سیلاب اور بارشوں سے جاں بحق افراد کے لواحقین کو 10، 10 لاکھ روپے فی کس مالی امداد دی گئی ہے جبکہ ایک لاکھ 68 ہزار سے زائد متاثرین کو خشک راشن فراہم کیا جاچکا ہے۔
چودھری پرویز الٰہی کا کہنا تھا کہ 5 ہزار سے زائد کمبل اور 44 ہزار سے زائد خیمے متاثرین سیلاب میں تقسیم کئے گئے ہیں جبکہ سیلاب متاثرین کو محفوظ مقامات تک پہنچانے کیلئے1400 سے زائد ریسکیو بوٹس نے امدادی سرگرمیوں میں حصہ لیا ہے۔
ان کا یہ بھی کہنا تھا کہ متاثرین میں 34 ہزار سے زائد آٹے کے تھیلے تقسیم کئے گئے جبکہ 23 ہزار سے زائد مچھر دانیاں اور21 ہزار سے زائد لائف جیکٹس فراہم کی گئیں۔
انہوں نے کہا کہ لاکھوں جانوروں کی ویکسینیشن کی جا چکی ہے، سیلاب سے تباہ ہونے والے گھروں اور لائیوسٹاک کے نقصانات کے ازالے کیلئے مالی امداد میں اضافہ کیا گیا ہے۔
چودھری پرویز الٰہی نے کہا کہ پنجاب حکومت کو وفاق کی جانب سے سیلاب متاثرین کی بحالی کیلئے ایک پائی بھی نہیں دی گئی ، پنجاب حکومت اپنے وسائل سے سیلاب متاثرین کی بحالی کا فریضہ سرانجام دے رہی ہے۔
ان کا کہنا تھا کہ سندھ اور بلو چستان کے سیلاب متاثرین کی مدد کیلئے میڈیکل ریلیف مشن بھی بھجوایا جبکہ 2 موبائل ہیلتھ یونٹ سندھ کے سیلاب متاثرہ علاقوں میں بھیجے۔
پرویز الٰہی کا یہ بھی کہنا تھا کہ وفاقی حکومت سیلاب متاثرین پر سیاست چمکا رہی ہے جو قابل افسوس ہے جبکہ ہم سیاست سے بالاتر ہو کر اپنے مصیبت زدہ بہن بھائیوں کی مدد کر رہے ہیں۔
وزیراعلیٰ پنجاب نے کہا کہ لندن میں ہونے کے باوجود میں روزانہ کی بنیاد پر متاثرین کی بحالی کے اقدامات پر پیش رفت سے آگاہی حاصل کر رہا ہوں، سیلاب متاثرین کی آباد کاری تک بحالی کی سرگرمیاں جاری رہیں گی۔
وفاقی حکومت سیلاب متاثرین پر سیاست چمکا رہی ہے، وزیراعلیٰ پنجاب








