اسلام آباد(ممتاز نیوز )الیکشن کمیشن کااہم اجلاس آج چیف الیکشن کمشنر سکندر سلطان راجہ کی سربراہی میں منعقد ہوا،اجلاس میں معزز ممبران الیکشن کمیشن کے علاوہ سیکرٹری الیکشن کمیشن ،سیکرٹری وزارت داخلہ ،دفاع ،چیف سیکرٹری وآئی جی صاحبان پنجاب ،خیبرپختونخواہ اورسندھ نے شرکت کی ،اس کے علاوہ ایم او ڈائریکٹوریٹ اوردیگر سیکورٹی اداروں کے نمائندگان اورالیکشن کمیشن کے سینرافسران نے شرکت کی ،چیف الیکشن کمشنر نے تمام شرکاء کو خوش آمدید کہا اور انہوں نے ضمنی انتخابات اور کراچی ڈویژن میں بلدیاتی انتخابات کے پر امن انعقاد کی اہمیت پر زور دیا۔ سیکرٹری الیکشن کمیشن نے بریف کیا کہ الیکشن کمیشن نے9 قومی اسمبلی، 3 صوبائی اسمبلی اور کراچی ڈویژن کے تمام اضلاع میں بلدیاتی انتخابات کے دوسرے مرحلہ کے لئے تمام انتظامات مکمل کر لئے ہیں اور الیکشن کے انعقاد کے لئے تیار ہے بہر حال صوبائی حکومتوں ، قانون نافذ کرنے والے اداروں اور سیکورٹی کے دیگر اداروں کی ان انتخابات میں اپنی خدمات سرانجام دینے کے حوالے سے ان کا موقف درکار ہے تا کہ انتخابات کاپرامن انعقاد اور ووٹروں کو پولنگ کے دن پرامن ماحول کی فراہمی یقینی بنائی جا سکے۔ سیکرٹری وزارت داخلہ ،دفاع، چیف سیکرٹری صاحبان، آئی جی صاحبان اور سیکورٹی کے دیگر اداروں کے نمائندوں نے میٹنگ میں اپنا اپنا موقف پیش کیا۔ الیکشن کمیشن نے مذکورہ بالا تمام افسران و نمائندگان کا موقف سننے کے بعد یہ فیصلہ کیا کہ :۔ I.ضلع کرم کی قومی اسمبلی کی نشست جہاں پر امن وامان کی صورت حال بہتر نہیں ہے، کے علاوہ باقی تمام قومی و صوبائی اسمبلی کے حلقوں میں بہتر انتظامی انتظامات کے ساتھ انتخابات مقررہ تاریخ یعنی 16 اکتوبر 2022 کوہوں گے۔ این اے 45 ضلع کرم کا انتخاب مقررہ تار تعین 16 اکتوبر 2022 کو نہیں ہو گا۔ یہاں پر انتخاب کی تاریخ کااعلان بعد میں کیا جائے گا۔ کراچی ڈویژن کے تمام اضلاع میں دوسرے مرحلے کے بلدیاتی انتخابات بھی شیڈول کے مطابق 23 اکتوبر2022 کو ہوں گے۔
ضمنی انتخابات ملتوی کرنے سےمتعلق حکومتی درخواست مسترد،ضلع کرم کےعلاوہ تمام حلقوں میں ضمنی انتخابات 16 اکتوبرکوہی ہونگے، الیکشن کمیشن








