بانی: عبداللہ بٹ      ایڈیٹرانچیف : عاقل جمال بٹ

بانی: عبداللہ بٹ

ایڈیٹرانچیف : عاقل جمال بٹ

VCلاڑکانہ میڈیکل یونیورسٹی، 3کی بجائے 4 نام بھیجنے پر حکومت کو سبکی

کراچی : سندھ حکومت کو محکمہ بورڈز و جامعات کی جانب سے قائم مقام وائس چانسلر کی تقرری پر تین کے بجائے چار نام بھیجے جانے کے باعث سبکی کا سامنا ہے اور اسی بنیاد پر سندھ ہائیکورٹ نے شہید محترمہ بینظیر بھٹو میڈیکل یونیورسٹی لاڑکانہ کے قائم مقام وائس چانسلر حاکم علی ابڑو کی تقرری کا نوٹیفکیشن معطل کررکھا ہے۔ لاڑکانہ میڈیکل یونیورسٹی کی وائس چانسلر ڈاکٹر انیلہ عطاء کی چار سالہ مدت گزشتہ ماہ مکمل ہوگئی تھی مگر محکمہ بورڈز و جامعات ان سے ناراض تھا پہلے انھیں خود کشی کرنے والی طالبہ سے متعلق غلط رپورٹ کو بنیاد بنا کر معطل کیا اور سینارٹی میں چوتھے نمبر کے سفارشی ڈاکٹر حاکم علی ابڑو کو قائم مقام وی سی مقرر کردیا اسی دوران تلاش کمیٹی نے ڈاکٹر انیلہ کو سکھر خواتین یونیورسٹی کے وائس چانسلر کے عہدے کے لیے نمبر ایک امیدوار قرار دیا تاہم یہ سمری روک دی گئی۔ ڈاکٹر انیلہ عطاء نے میڈیکل یونیورسٹی سے معطلی کا معاملہ عدالت میں چیلنج کردیا اور سرخرو ہوئیں جس سے حکام ناراض ہوئے اور اسی لیے ان کو دوسری مدت نہیں دی گئی جبکہ قائم مقام وی سی کے تقرر کے لیے سیکرٹری بورڈز و جامعات مرید راحموں نے جو سمری وزیر اعلیٰ سندھ کو بھیجی اس میں بھی میرٹ کا خیال نہیں رکھا گیا۔ سمری میں سنیارٹی کی بنیاد پر تین کے بجائے چار نام بھیج دیئے گئے اور چوتھا نام حاکم علی ابڑو کا تھا جبکہ پہلے تین ناموں میں سنیارٹی کی بنیاد پر پہلے نمبر پر ڈاکٹر علی اکبر بھنڈ، دوسرے نمبر پر ڈاکٹر گلزار احمد اور تیسرے نمبر پر ڈاکٹر ریاض احمد کا تھا۔ لیکن وزیر اعلی سندھ نے پہلے تینوں نام نظر انداز کئے اور میرٹ بلائے طاق رکھ کر چوتھے نام یعنی حاکم علی ابڑو کو قائم مقام کرنے کی منظوری دیدی اور یہ بھی نہیں پوچھا کہ تین کے بجائے چار نام کیوں بھیجے گئے۔ یاد رہے کہ اس سے قبل انیمل یونیورسٹی سکرنڈ کے وائس چانسلر ڈاکٹر فاروق حسن کو بھی مختلف الزمات لگا کر معطل کردیا گیا تھا اور منظور نظر پروفیسر ڈاکٹر احمد سلطان جتوئی کو قائم مقام چانسلر مقرر کردیا گیا تھا اور جب معاملہ عدالت گیا تو ڈاکٹر فاروق حسن سرخرو ہوئے۔ تاہم ڈاکٹر احمد سلطان جتوئی جنھیں محکمہ بورڈز و جامعات کی حمایت حاصل ہے قائم مقام وائس چانسلر ہوتے ہی یونیورسٹی گیسٹ ہاؤس میں رہائش اختیار کرلی تھی اور تاحال گیسٹ ہاؤس چھوڑنے پر تیار نہیں۔