لاہور(ممتازنیوز)وزیراعظم شہباز شریف اوران کے صاحبزادے سابق وزیراعلیٰ پنجاب حمزہ شہباز ایف آئی اے منی لانڈرنگ کیس میں بری ہوگئے۔لاہور کی اسپیشل سینٹرل کورٹ اعجاز اعوان نے منی لانڈرنگ کے مقدمے کا فیصلہ سنایا ۔وزیراعظم شہبازشریف اور حمزہ شہباز پیش نہیں ہوئے۔
ان کے وکیل امجد پرویز نے حاضری معافی کی درخواست دائر کی کہ شہباز شریف سرکاری مصروفیات کے باعث پیش نہیں ہوسکتے اور حمزہ کی طبیعت ناساز ہے۔
۔وکیل شہباز شریف کا کہنا تھا کہ تحریری دلائل عدالت میں جمع کروا دیئے ہیں ۔161بیانات میں کسی گواہ نے شہباز شریف اور حمزہ شہباز کا ذکر نہیں کیا۔جج نے استفسار کیا کہ اسلم نامی گواہ نے بھی بیان قلمبند کروایا ہے؟ وکیل نے کہا تفتیشی افسر نے گواہوں کے بیانات کو توڑ مروڑ کر پیش کرنے کی کوشش کی۔
بعدازاں اسپیشل سینٹرل کورٹ کے جج اعجاز اعوان نے وزیراعظم شہبازشریف اور حمزہ شہباز کی بریت کی درخواستیں منظور کرلیں اور مقدمے سے بری کرنے کا حکم دے دیا۔
یاد رہے کہ ایف آئی اے نے نومبر 2020 میں ان کے خلاف پاکستان پینل کوڈ، کرپشن کی روک تھام ایکٹ اور انسداد منی لانڈرنگ ایکٹ کی دفعات کے تحت مقدمہ درج کیا تھا۔
شہباز شریف اور حمزہ شہباز ایف آئی اے منی لانڈرنگ کیس میں بری








