بانی: عبداللہ بٹ      ایڈیٹرانچیف : عاقل جمال بٹ

بانی: عبداللہ بٹ

ایڈیٹرانچیف : عاقل جمال بٹ

پاکستان،آذربائیجان کا مختلف شعبوں میں دوطرفہ تعاون کو وسعت دینے کے عزم کا اعادہ

اسلام آباد: وزیراعظم شہبازشریف آستانہ میں ایشیا میں رابطوں اور اعتماد سازی کے اقدامات بارے چھٹی سربراہ کانفرنس کے موقع پر موجود ہیں جہاں وہ مختلف عالمی رہنمائوں سے ملاقاتیں کررہے ہیں۔ وزیرااعظم نے آذربائیجان کے صدر الہام علیوف سے ملاقات کی ہے۔

دونوں رہنماؤں نے تجارت، سرمایہ کاری، تعلیم، انفارمیشن ٹیکنالوجی، سیکورٹی، زراعت، رروابط اور توانائی کے شعبوں میں تعاون کو مزید بڑھانے کے لیے قریبی اور خوشگوار دو طرفہ تعلقات کا جائزہ لیا۔

وزیراعظم نے صدر علیوف کو پاکستان میں سیلاب سے متاثرہ لاکھوں لوگوں کی بحالی اور غیرمعمولی موسمیاتی تبدیلی کی وجہ سے قدرتی آفات سے تباہ ہونے والے ان کے ذریعہ معاش کی بحالی کے لیے حکومت کی کوششوں سے بھی آگاہ کیا۔

وزیراعظم نے اس بات پر زور دیا کہ کھڑی فصلوں کو پہنچنے والے نقصان اور ربیع کی آئندہ فصل کی کاشت نہ ہونے سے ملک میں خوراک کی قلت کا خطرہ بڑھ گیا ہے۔ اس خطرے سے بچنے اور ملک میں زرعی پیداوار کو بحال کرنے کے لیے یوریا کی درآمد اشد ضروری تھی۔ صدر علیوف نے انہیں اس تناظر میں آذربائیجان کے مکمل تعاون کا یقین دلایا۔

ملاقات میں مشترکہ دلچسپی کے علاقائی اور عالمی امور پر بھی تبادلہ خیال کیا گیا۔ وزیراعظم نے جموں و کشمیر کے تنازعے پر آذربائیجان کے واضح موقف اور جموں و کشمیر پر او آئی سی رابطہ گروپ کے رکن کے طور پر اس کے گرانقدر کردار کو سراہا۔ انہوں نے سابق نگورنو کاراباغ پر آذربائیجان کے لیے پاکستان کی اصولی حمایت کا اعادہ کیا اور جنوبی قفقاز میں دیرپا اور پائیدار امن کے لیے صدر الہام علیوف کی کوششوں کو سراہا۔

دونوں رہنماؤں نے باہمی طور پر فائدہ مند تعاون کے مختلف شعبوں میں دوطرفہ تعاون کو مزید مضبوط کرنے کے اپنے عزم کا اعادہ کیا اور روابط، تجارت اور سرمایہ کاری کو فروغ دینے کے لیے کئے جانے والے مختلف اقدامات پر پیشرفت کا جائزہ لیا۔

وزیراعظم نے توانائی کے شعبے میں دونوں ممالک کے درمیان قریبی تعاون کو فروغ دینے کی ضرورت پر زور دیا جو ان کی حکومت کے لیے ترجیحی شعبہ ہے۔ وزیراعظم نے وزیر مملکت برائے پیٹرولیم کو آذربائیجان اور پاکستان کے درمیان دوطرفہ توانائی تعاون کے لیے فوکل پرسن نامزد کیا ہے جنہوں نے گزشتہ ماہ باکو کا دورہ کیا تھا۔ دونوں رہنماؤں نے توانائی کے شعبے میں تعاون کے فروغ پر اتفاق کیا۔

وزیراعظم شہباز شریف نے اسلام آباد میں قیادت کی سطح پر مشاورت کی تجویز پیش کی جس کا مقصد علاقائی رابطوں کا فروغ ہے۔

واضح رہے کہ ستمبر 2022 میں سمرقند ازبکستان میں شنگھائی تعاون تنظیم کے موقع پر ہونے والی ان کی آخری ملاقات کے تناظر میں دونوں رہنماؤں کے درمیان یہ دوسری ملاقات ہے جس نے پاکستان اور آذربائیجان کے درمیان ہم آہنگی کی عظیم روایت کو برقرار رکھتے ہوئے کثیر جہتی اقتصادی تعلقات کو فعال کرنے کا ایک اہم موقع فراہم کیا ہے۔